خبرنامہ پاکستان

پیپلز پارٹی کا آصفہ بھٹو کو لیاری سے الیکشن لڑانے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی کا آصفہ بھٹو کو لیاری سے الیکشن لڑانے کا فیصلہ

پیپلز پارٹی کا آصفہ بھٹو کو لیاری سے الیکشن لڑانے کا فیصلہ

لاہور: پیپلز پارٹی نے بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو کو لیاری یا ٹنڈوالہیار سے الیکشن لڑانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بینظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو 2018 کے عام انتخابات سے عملی سیاست کا آغاز کرنے کو تیار ہیں۔ پی پی پی قیادت نے فیصلہ کر لیا ہے کہ آصفہ بھٹو لیاری یا ٹنڈوالہیار سے انتخاب لڑیں گی۔ آصفہ بھٹو اگلے ماہ تین فروری کو 25 سال کی ہوکر عام انتخابات میں حصہ لینے کی کم از کم عمر کو پہنچ جائیں گی۔ آصفہ بھٹو لیاری سے قومی اسمبلی کی نشست این اے 248 سے عملی سیاست شروع کریں گی جب کہ ٹنڈوالہیار کا حلقہ این اے 223 بھی آصفہ بھٹو کیلئے مختص کردیا گیا ہے۔ انتخابات لڑنے کیلئے آصفہ بھٹو کی لیاری میں دلچسپی ہے اور ٹنڈوالہیار میں ووٹ کا اندراج ہے۔ دونوں نشستوں سے کس نشست پر الیکشن لڑانا ہے اس کا حتمی فیصلہ پارلیمانی بورڈ کرے گا۔

………………………

اس خبر کو بھی پڑھیے…شاہ زیب قتل: سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف اپیل سماعت کیلئے منظور

کراچی:(ملت آن لائن) چیف جسٹس پاکستان نے شاہ زیب قتل کیس میں سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سول سائٹی کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے شاہ زیب قتل کیس کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور دیگر کی سزائیں کالعدم قرار دینے اور کیس میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کیے جانے کے بعد سیشن کورٹ نے شاہ رخ جتوئی سمیت تمام ملزمان کو ضمانت پر رہا کردیا ہے۔
شاہ زیب قتل کیس: عدالتی حکم پر شاہ رخ جتوئی کو ضمانت پر رہا کردیا گیا
سول سوسائٹی نے کیس میں سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات ختم کرنے کے فیصلے اور اس کے نتیجے میں ملزمان کی رہائی کو سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیلنج کیا گیا تھا۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے شاہ زیب قتل کیس کی اپیل 6 جنوری کو اسلام آباد طلب کی تھی جس کے بعد آج اپیل سماعت کے لیے مقرر کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شاہ زیب قتل کیس پر سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سول سوسائٹی کی اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی۔
شاہ زیب قتل کیس: عدالت نے صلح نامے کی تفصیلات طلب کرلیں
چیف جسٹس نے تمام ملزمان کا نام مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی سمیت، سراج تالپور، سجاد تالپور اور مرتضیٰ لاشاری کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دے دیا۔چیف جسٹس پاکستان نے وزارت داخلہ کو تمام ایئرپورٹس کو ہدایت نامہ بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے تمام فریقین کو نوٹس بھی جاری کرتے ہوئے ملزمان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیئے۔
شاہ زیب کا قتل
خیال رہے کہ 20 سالہ نوجوان شاہ زیب خان کو دسمبر 2012 میں ڈیفنس کے علاقے میں شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوستوں نے معمولی جھگڑے کے بعد مبینہ طور پر گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جون 2013 میں اس مقدمہ قتل کے مبینہ مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی اور نواب سراج علی تالپور کو سزائے موت اور دیگر ملزمان بشمول گھریلو ملازم غلام مرتضٰی لاشاری اور سجاد علی تالپور کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔