خبرنامہ پاکستان

پیپلز پارٹی کا نئی حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم کی حمایت کا فیصلہ

خورشید شاہ کا

پیپلز پارٹی کا نئی حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم کی حمایت کا فیصلہ
اسلام آباد:(ملت آن لائن) مشترکہ مفادات کونسل میں وفاق کی جانب سے مردم شماری پر سندھ کے تحفظات دور کئے جانے کی یقین دہانی کے بعد پیپلز پارٹی نے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق حکومتی بل کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے۔ مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلوں کے اعلان کے بعد قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوامی اور آئینی موقف اپنایا ہے، حکومت نے مردم شماری سے متعلق معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں لے جانے سے متعلق ہمارا مطالبہ تسلیم کیا، شکر ہے کہ حکومت کو دیر سے ہی سہی لیکن ہماری بات سمجھ آ گئی۔ اب پیپلز پارٹی پارلیمان اور جمہوری اداروں میں مزید نئی حلقہ بندیوں کے لیے آئینی بل 2017 کی حمایت کرے گی۔دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری جماعت ہے، کسی صورت الیکشن میں تاخیر نہیں ہونے دیں گے، ہم انتخابات بروقت کرانے کیلئے آئین میں ترمیم کیلئے راضی ہوئے ہیں، تمام صوبوں کی تجاویز پر عمل ہوتا تو معاملات ٹھیک ہوجاتے۔ آئین میں ترمیم کے تحت صوبائی مردم شماری کی بنیاد پر حلقہ بندیاں ہوں گی، ہم مردم شماری کے نتائج کچھ شرائط پر قبول کریں گے، وفاقی حکومت نے ہماری شرائط مان لی ہیں، ہماری پہلی شرط یہ ہے کہ ایک فیصد بلاکس کی تھرڈ پارٹی سے تصدیق کرائی جائے گی،دوسری شرط ہے کہ مردم شماری کے حوالے سے عوام کے خدشات دور کئے جائیں گے، تیسری شرط ہے کہ ادارہ شماریات جلد ازجلد مردم شماری کے بلاکس کا ڈیٹا شائع کرے گا۔ وفاق نے مردم شماری سے متعلق ہمارے مطالبات منظور کرلیے ہیں۔