خبرنامہ پاکستان

پی آئی اے انتظامیہ نے روانگی کیلئے تیار کھڑے طیاروں میں گرمی اور حبس کا توڑ نکال لیا

لاہور(ملت + آئی این پی) پی آئی اے انتظامیہ نے روانگی کیلئے تیار کھڑے طیاروں میں گرمی اور حبس کا توڑ نکال لیا‘ قومی ائیر لائنز نے کھڑے جہازوں کو ٹھنڈا رکھنے کیلئے 6 جدید اے سی مشینیں خرید لیں۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے ذریعے سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کی جانب سے آئے روز یہ شکایت کی جاتی رہی کہ جہاز کی روانگی میں ابھی وقت باقی ہے، تمام مسافر طیارے میں سوار کر لیے گئے ہیں لیکن اے سی آن نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے گرمی اور حبس کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے، انہی شکایات سے نجات حاصل کرنے کے لیے قومی ائیر لائنز انتظامیہ نے چھ جدید اے سی مشینیں خرید لی ہیں تاکہ اب کھڑے طیارے میں سوار مسافر بھی گرمی اور حبس سے بچ سکیں اس سلسلے میں قومی ائیر لائنز انتظامیہ نے ابتدائی طور پر 6 مشینیں خریدی ہیں جن میں سے 4 اسلام آباد، دو لاہور جبکہ ایک کراچی ائیرپورٹ پر بھجوا دی گئی ہے جن کا استعمال بھی شروع کر دیا گیا ہے ترجمان پی آئی اے دانیال گیلانی اور اطہر اعوان کے مطابق قومی ائیر لائنز انتظامیہ مسافروں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ کوشاں رہتی ہے، مستقبل قریب میں ایسے مزید اقدامات کیے جائیں گے جن سے مسافروں کا قومی ائیرلائن پر کھویا ہوا اعتماد بحال ہو گا۔