خبرنامہ پاکستان

پی آئی اے میں فون کےغیرضروری استعمال پرپابندی عائد

کراچی:(ملت آن لائن) قومی ایئرلائن کی نئی انتظامیہ نے غیرضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف اقدامات کرتے ہوئے فون کےغیرضروری استعمال پرپابندی عائدکردی گئی، غیرضروری کالزپرمتعلقہ افسرکی تنخواہ سےکٹوتی کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق حکومت کی کفایت شعاری مہم پر قومی ایئرلائن میں بھی عملدرآمد شروع کردیا ہے ، نئی انتظامیہ نے غیرضروری اخراجات کو کنٹرول کرنے کے لیے مختلف اقدامات کرتے ہوئے پی آئی اے میں پی ٹی سی ایل فون کے غیر ضروری استعمال پر پابندی عائد کردی ہے۔

پی آئی اے کے چیف سسٹم افسر نے بذریعہ میل احکامات جاری کردیئے ہیں ، انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق کوئی بھی افسرآوٹ گوئنگ کال نہیں کرسکے گا۔

پی آئی اے میں ٹیلی فون کالز کے لیے پرفارمہ بھی جاری کردیا گیا ہے، جاری کردہ ای میل کے مطابق پرفارمہ میں کئے جانے والی فون کالز کی نوعیت ،دورانیہ اور وجوحات کا اندراج بھی ہوگا۔

احکامات کے مطابق غیر ضروری کالز کئے جانے کی صورت میں متعلقہ افسر کی تنخواہ سے کٹوتی کی جائے گی، کٹوتی لوکل کالز سمیت اندرون و بیرون ملک اور موبائل فونز پر کی گئی کال کے بل بھی افسر اپنی جیب سے ادا کرے گا۔

یادرہے ایئر وائس مارشل ارشد محمود ملک نے بحیثیت چیئرمین پی آئی اے کا چارج سنبھالنے کے بعد اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ہمارا ادارہ اس وقت معاشی اور انتظامی مشکلات میں گھرا ہوا ہے،ہمیں قائد اعظم کے رہنما اصولوں ایمان اتحاد اور تنظیم کے تحت قلیل وقت میں پی آئی اے کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کو نقصان سے نکال کر منافع بخش ادارے میں تبدیل کر دیا جائے گا اور آمدنی کو بڑھانے اور غیر ضروروی اخراجات کو کم کرنے کے لئے اقدامات کریں گے، ہرسطح پر میرٹ کو فروغ دیا جائے گا۔