سینیٹ نے انتخابی فہرستیں ، حلقہ بندیاں (ترمیمی) بل 2015، پاکستان حلال اتھارٹی ، پاکستانی قوانین کی طباعت بل 2015 متفقہ طور پر منظور کرلئے
اسلام آباد (آئی این پی) ایوان بالا (سینیٹ)نے انتخابی فہرستیں (ترمیمی) بل 2015، حلقہ بندیاں (ترمیمی) بل 2015، پاکستان حلال اتھارٹی بل 2015، پاکستانی قوانین کی طباعت بل 2015 متفقہ طور پر منظور کرلئے جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن ( پی اآی اے ) کا پبلک لمیٹڈ کمپنی کے قیام کا بل پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن(منتقلی) بل 2015 سینیٹ میں پیش کر دیا گیا۔ جمعرات کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کی صدارت میں ہوا۔ شیخ آفتاب نے پی آئی اے کا پبلک لمیٹڈ کمپنی بنانے کا بل ایوان میں پیش کیا، سینیٹ نے بل کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کو ریفر کر دیا۔ سینیٹ نے شیخ آفتاب کی جانب سے پیش کئے گئے انتخابی فہرستیں(ترمیمی) بل 2015 اور حلقہ بندیاں (ترمیمی) بل 2015 کی شق وار منظوری دی۔ اجلاس میں رانا تنویر حسین کی جانب سے پاکستان حلال اتھارٹی کے قیام کا بل پاکستان حلال اتھارٹی بل 2015 اور سینیٹر پرویز رشید کی جانب سے پاکستان کے قوانین کی دوبارہاشاعت، تجدید کے حوالے سے بل (پاکستانی قوانین کی طباعت بل 2015) کی بھی متفقہ طور پر شق وار منظوری دی گئی ہے۔