خبرنامہ پاکستان

پی آئی اے کیلئے جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں‘ سردارمہتاب خان

پی آئی اے کیلئے جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں‘ سردارمہتاب خان

اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیر اعظم کے مشیر برائے ہوا بازی سر دار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ پی آئی اے کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے کے لئے جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں اور انشاء اللہ ہم بہت جلد قومی ایئر لائن کو ملک کے صف اول کا ادارہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ انہوں نے ادارے کی بہتری کے لئے انتظامیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسافروں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہارگزشتہ روز ایوی ایشن ڈویژن اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس میں سیکرٹری ایوی ایشن اور چیئر مین پی آئی اے عرفان الہٰی سمیت چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) پی آئی اے مشرف رسول، چیف آپریٹنگ آفیسر ،چیف کمرشل آفیسر اور پی آئی اے کے تمام محکموں کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ کئی گھنٹے تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں پی آئی اے کی کارکردگی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیر اعظم سردار مہتاب احمد خان نے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اسے مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے تمام عملے کو دل لگا کر کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے ہمارا قومی ادارہ ہے ۔ اس کے وقار کا خیال رکھنا ہم سب کی مجموعی ذمے داری اور فرض ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارے کی کھوئی ہوئی ساکھ بحال کرنے کے لئے جامع اصلاحات کی جا رہی ہیں اور انشاء اللہ ہم بہت جلد پی آئی اے کو ملک کے صف اول کا ادارہ بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے۔اس موقع پر مشیر وزیر اعظم سردار مہتاب خان کوپی آئی اے کے تمام شعبہ جا ت کی کارکردگی اور انتظامی امور پر بریفنگ بھی دی گئی ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بہترین سفری سہولیات کی فراہمی سمیت انتظامی امور میں بھی بہتری لائی جا رہی ہے، پی آئی اے کے انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نے جدید بنیادوں پر سات 777اور چار 320ایئر بس جہازوں کی تزئین و آر ائش کی ہے ۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جہازوں میں جدید سہولیات نصب کی جا رہی ہیں اور پی آئی اے کے تمام جہازوں میں جدید انٹر نیٹ ویڈیو سٹریمنگ سمیت مسافروں کی سہولت کے لئے تفریحی سسٹم بھی لگایا جا رہا ہے ۔ بریفنگ دیتے ہوئے پی آئی اے کے سی ای او مشرف رسول نے مشیر وزیر اعظم کو بتایا کہ مقررہ اہداف کے حصول کو کم سے کم وقت میں پورا کیا جائے گا تا کہ پی آئی اے کے مسافروں کو وہ تمام سہولیات مہیا کی جاسکیں جو بین الاقوامی ایئر لائینز میں میسر ہیں۔اجلاس کو بتایا گیا کہ کمرشل ڈیپارٹمنٹ کے اہداف کے حصول سمیت سیلز ڈیپارٹمنٹ میں بھی بہتری آئی ہے ۔ اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے حوالے سے کوتاہیوں کی بھی نشاندہی کی گئی اور اس ضمن میں ایک جامع لائحہ عمل بھی طے کیا گیا ۔ اس موقع پر پی آئی اے کے مختلف شعبہ جات جن میں پلاننگ ،لاجسٹکس، خریدو فروخت ،سفری سہولیات کے شعبہ،فلائنگ آپریشن ، فوڈ سروس ،کے پی آئی اور فنانس کے شعبہ جات کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ سردار مہتاب نے مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وی ون پروگرام کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہم پی آئی اے کو جدید بنیادوں پر استوار کر رہے ہیں تا کہ بین الا قوامی ایئر لائینز سے مقابلہ کیا جا سکے اور بہترین سفری سہولیات کو ممکن بنایا جا سکے ۔