خبرنامہ پاکستان

پی آئی اے کی پرواز خرابی کے باعث منسوخ، مسافروں کو ٹکٹ کی رقم واپس کرنے سے انکار

کراچی:(آئی این پی )قومی ائرلائن کا ایک اور کارنامہ ،مسافروں کو منزل پر پہنچائے بغیر ہی ٹکٹ کی رقم بٹوری جانے لگی۔ پی آئی اے نے طیارہ خراب ہونے کے باعث مسافروں کو واپس بھیج دیا جبکہ ٹکٹ کی رقم واپس کرنے سے صاف انکار کردیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ائرلائن انتظامیہ نے کراچی سے لاہور پرواز کو خرابی کے باعث منسوخ کردیا اور مسافروں سے معذرت کرلی تاہم ٹکٹ کی رقم واپس نہیں کی گئی۔مسافر نے میڈیاکو بتایا کہ ٹکٹ ریفنڈ کرانے کے لیے پی آئی اے انتظامیہ سے رابطہ کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ آپ اپنے ٹکٹس پر سفر کرچکے ہیں۔ سید مصطفٰی نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ سترہ مارچ کے لیے کراچی سے لاہور کے ٹکٹ حاصل کیے تھے۔ شیڈول کے مطابق قبل از وقت ہی سید مصطفٰی اپنی اہلیہ کے ہمراہ ائرپورٹ پہنچے تو انتظامیہ نے آگاہ کیا کہ جہازکا انجن خراب ہے اوردوسرا طیارہ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پرواز منسوخ کردی گئی ۔ مسافر سید مصطفی نے مطالبہ کیا کہ قومی ائرلائن سے رقم واپس دلائی جائے۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کے بعد ہی درست جواب دے سکیں گے۔