خبرنامہ پاکستان

پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پروازآج نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گی

پی آئی اے کا سعودی

پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پرواز آج نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گی

کراچی:(ملت آن لائن) قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پرواز آج نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر تاریخی لینڈ کرے گی، طیارہ ایک بجے لینڈ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پہلی آزمائشی پرواز پی کے 9001 کل 7اپریل کو نیو اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گی، پی کے9001کے پائلٹ کیپٹن بجرانی ہوں گے جبکہ فرسٹ آفیسرز حمادخان اور مدثر مشتاق بھی آپریٹو کریو میں شامل ہیں۔ ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کے مطابق پی آئی اے کا ایئربس طیارہ بینظیر ایئر پورٹ اسلام آباد سے دوپہر 12.30 پر اڑان بھرے گا اور نئے اسلام آباد ایئر پورٹ پر ایک بجے لینڈ کرے گا۔
پی آئی اے کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر مشرف رسول سیان پہلی آزمائشی پرواز میں سفر کریں گے اور نئے ایئر پورٹ پر آپریشن کا جائزہ لیں گے۔ واضح رہے کہ دس سال کے طویل عرصے میں 90 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اسلام آباد کے نئے وسیع و عریض بین الاقوامی ہوائی اڈے کا افتتاح رواں ماہ 20 اپریل کووزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے۔ خیال رہے کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کو پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ قرار دیا جارہا ہے، جدید ترین سہولیات سے آراستہ اس ایئرپورٹ کیلئے 2 رن وے بھی بنائے گئے ہیں۔ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کی عمارت کو جہاز کے پروں کے طرز پر بنایا گیا ہے، یہاں بیک وقت 28 ہوائی جہازوں کے مسافروں کو سہولیات مہیا کی جا سکتی ہیں۔ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کا رن وے ساڑھے تین کلومیٹر سے زائد طویل ہے، جو پاکستان کا سب سے بڑا رن وے ہے، اس رن وے پر دنیا کا بڑے سے بڑا ہوائی جہاز دھند میں بھی لینڈ کر سکتا ہے۔