کراچی :(ملت آن لائن) قومی ایئرلائن پی آئی اے نے ریونیو میں اضافے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے تمام پائلٹس سے سیٹوں کی اپ گریڈیشن کے اختیارات ختم کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کو خسارے سے نکالنے اور ریونیو میں اضافے کے لئے بڑا فیصلہ کرلیا گیا اور پی آئی اے کے تمام کپتانوں سے مسافروں کے ٹکٹ کی کلاس اپ گریڈیشن کے اختیارات ختم کردیئے۔
پی آئی اے کے ڈائریکٹر فلائٹ آپریشن کیپٹن عزیر کی جانب سے باقاعدہ طور پر نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
اختیارات ختم کئے جانے پر مبنی ڈائریکٹر فلائٹ آپریشنز کے جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے کپتان کی تنخواہ سے اپ گریڈیشن کی رقم وصول کی جائے گی، رقم کی مالیت اصل ٹکٹ اور اپ گریڈ کی گئی کلاس کے درمیان فرق پر مشتمل ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق احکامات کی خلاف ورزی میں ملوث فرسٹ افسر کو وارننگ جاری کی جائے گی، اندرون و بیرون ملک پروازوں پر کا ک پٹ کریو کئی دہائیوں سے سیٹیں اپ گریڈ کر رہے ہیں۔
چیف کمرشل افسر سمیت متعلقہ افسران سے بھی اپ گریڈیشن کے اختیارات کچھ روز قبل واپس لئے جا چکے ہیں، سیٹوں کی اپ گریڈیشن کے باعث ائر لائن کو مبینہ طور پر لاکھوں روپے ماہانہ ریونیو نقصان کا سامنا ہے۔
احکامات ایئر لائن کے صدر اور سی ای او ائر مارشل ارشد ملک کی ہدایات پر جاری کئے گئے ہیں۔
خیال رہے پی آئی اے کی دس سالہ آڈٹ رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی تھی، جس کے مطابق دس سال میں پی آئی اے کے خسارے میں دو سو ستاسی ارب روپے کا اضافہ ہوا جبکہ 2008 میں یہ خسارہ باہتر ارب پینتیس کروڑ تھا، جو 2017 میں بڑھ کر 360 ارب11 کروڑ تک پہنچ گیا۔