خبرنامہ پاکستان

پی آئی اے کے تمام 10 اے ٹی آر طیاروں کے شیک ڈاؤن ٹیسٹ کا فیصلہ

کراچی: (ملت+آئی این پی) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے پی آئی اے کے تمام اے ٹی آر طیاروں کے شیک ڈاؤن ٹیسٹ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق طیاروں کی چیکنگ کے عمل کی تکمیل تک تمام 10 اے ٹی آر طیارے گراؤنڈ رہیں گے۔ عارضی طور پر اے ٹی آر آپریشن معطل ہونے سے ملک کے چھوٹے ایئرپورٹس کے لئے پروازیں متاثر ہوں گی۔ ان میں گوادر، تربت، پنجگور، موہنجوداڑو، ڑوب، بہاولپور، ڈیرہ غازیخان، ڈیرہ اسمعیٰل خان، چترال، گلگت شامل ہیں۔سول ایوی ایشن کی جانب سے طیاروں کی کلیئرنس کے بعد اے ٹی آر آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان نے مسافروں سے درخواست ہے کہ وہ ایئرپورٹ روانگی سے قبل اپنی مطلوبہ پرواز کیلئے پی آئی اے کال سینٹر سے ضرور رابطہ کر لیں۔ مسافروں کو ہونے والی زحمت پر معذرت خواہ ہیں۔