خبرنامہ پاکستان

پی آئی اے نے انٹر پرائز ریسورس پلاننگ سسٹم لاگو کر دیا

کراچی: (ملت+اے پی پی) پی آئی اے نے اپنے موجودہ سسٹم کو مزید بہتر بناتے ہوئے انٹر پرائز ریسورس پلاننگ سسٹم ائر لائن میں لاگو کر دیا، اس سے ائر لائن میں بہتر آپریشنل کنٹرول اور بروقت فیصلوں میں مدد حاصل ہو گی۔اس سلسلے میں پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر برنڈ ہلڈن برانڈ تھے ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم سے پی آئی اے میں کاغذ کا استعمال کم ہو جائے گا جس سے نہ صرف ماحول دوست سہولت میسر ہو گی بلکہ کارکردگی میں بھی بہتری آئے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس سسٹم سے ائر لائن انتظامیہ کو بہتر انتظامی کنٹرول حاصل ہوگا اور آپریشنل کارکردگی بھی مزید بہتر ہوگی۔ اس کے علاوہ درست کاروباری اور آپریشنل معلومات، شفافیت اور معلومات تک آسان رسائی کے ذریعے ائر لائن کیلئے بہتر منصوبہ بندی اور فیصلے بھی جلد ازجلد کئے جا سکیں گے اوریکل کمپنی کے ڈائریکٹر ایلون شیا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروجیکٹ 12 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا جو کہ نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں ایک ریکارڈ ہے ۔ انہوں نے ایر لائن انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس سسٹم سے پی آئی اے کو اپنا کھویا ہوا وقار بحال کرنے میں مدد ملے گی۔