خبرنامہ پاکستان

پی آئی اے کی لاجواب سروس، کراچی کے معتمرین کو لاہوراتاردیا

نواب شاہ:(آئی این پی ) پی آئی اے کی لاجواب سروس، جدہ سے کراچی آنے والے عمرے کے زائرین میاں بیوی کو کراچی کے بجائے لاہور ایئرپورٹ پہنچا دیا، 15 گھنٹوں سے بھوکا پیاسا رکھا گیا احتجاج کے باوجود کوئی پرسان حال نہیں۔ پیر کی صبح جدہ سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی فلائٹ پی کے 760 میں سوار نواب شاہ کے شہری غلام مرتضیٰ خاص خیلی اور ان کی بیگم کو کراچی ایئرپورٹ اتارنے کے بجائے پی آئی اے نے لاہور ایئرپورٹ پراتار دیا، اس سلسلے میں متاثر مسافروں نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انھیں 15گھنٹے ہو گئے ہیں، وہ لاہور ائیرپورٹ پر موجود ہیں مگر پی آئی اے کی انتظامیہ نے انہیں نہ کھانا دیا ہے اور نہ ہی پانی فراہم کیا ہے۔ وہ دونوں میاں بیوی صبح 10بجے سے بے بسی کی حالت میں لاہور ائیر پورٹ کے لاؤنج میں موجود ہیں۔ مگر پی آئی اے کی انتظامیہ ان کے ساتھ کوئی تعاون نہیں کر رہی ہے۔