اسلام آباد:( اے پی پی ) باکمال لوگ لاجواب سروس کا انوکھا کمال ، عجیب سروس ۔ عمرے سے واپس آنے والے کراچی ، لاہور اور دیگر شہروں کے زائرین کو بھی اسلام آباد پہنچا دیا ۔ اپنے خاندانوں کے ساتھ ایک طرف یہ مسافر پریشان ہیں تو دوسری جانب جن لوگوں کے ویزے ختم ہو رہے ہیں ، ان کے دن کا چین اور رات کی نیند اُڑ گئی ہے ۔ زندگی کی سب سے بڑی حسرت پوری ہونے پر زائرین واپس آئے تو ایک کے بعد ایک مشکل اُن کی منتظر تھی ۔ جدہ ایئرپورٹ پر اب بھی ہزاروں زائرین موجود ہیں ۔ پہلے جدہ ایئر پورٹ پر مسافروں کو خوار کیا گیا اور جب واپس لایا گیا تو کراچی ، لاہور ، فیصل آباد ، ملتان سب مسافروں کو سیدھا اسلام آباد پہنچا دیا ۔ اب جن کے ساتھ خاندان بھی ہے اور سامان بھی ان کا تو کوئی پرسان حال ہی نہیں ہے ۔ اسی لئے وہ فریاد کرنے پر مجبور ہیں پی آئی اے کی نجکاری کر دو ۔ یہ لوگ کئی دن سے پشاور ایئر پورٹ کا چکر لگا رہے ہیں، ویزے ختم ہونے والے ہیں ، لیکن پی آئی اے کے طیارے زمین پر ہیں اور نجی ایئر لائن نے ٹکٹ اتنا بڑھا دیا ہے کہ کسی کے بس میں نہیں ۔ کراچی ایئر پورٹ پر بھی صورتحال مختلف نہیں ، ملک کے کونے کونے سے لوگ پہنچے تھے کہ شاید طیارہ مل جائے ، لیکن ابھی تک آسرا تک نہیں ملا جہاز ملے یا نہ ملے ۔