خبرنامہ پاکستان

پی ایس ایل فائنل کی تیاریاں مکمل، فورسز نے نیشنل اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا

پی ایس ایل فائنل

پی ایس ایل فائنل کی تیاریاں مکمل، فورسز نے نیشنل اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا

کراچی:(ملت آن لائن) پاکستان سپر لیگ کا آخری معرکہ پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان اتوار کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو گا جس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

کراچی میں 9 سال بعد کرکٹ میں واپسی پر شہر بھر میں ہے میلے کا سا سماں ہے اور ہر کوئی پی ایس ایل فائنل کے جنون میں مبتلا ہے۔

شہر کی مختلف شاہراہوں پر کھلاڑیوں کی تصاویر آویزاں کی گئی ہیں جبکہ فائنل کے لیے نیشنل اسٹیڈیم تیار ہو چکا، ہر اسٹینڈ میں صفائی ستھرائی بھی ہو گئی ہے۔

شائقین کے بیٹھنے کے لیے کرسیاں بھی لگ گئیں اور وی آئی پیز کےلیے ریڈ کارپٹ بھی بچھ گیا، صاف اور ٹھنڈا پانی مہیا کرنے کےلیے 40 الیکٹرک کولر بھی اسٹیڈیم پہنچا دیئے گئے۔

براڈ کاسٹر کا عملہ میچ کو دنیا بھر میں براہ راست دکھانے کےلیے دن رات تیاریوں میں مصروف ہے۔

اسٹیڈیم کے چاروں طرف 80 کیمرے لگا دیئے گئے ہیں جنہیں 20 ایل سی ڈیز پر مانیٹر کیا جائے گا جب کہ شائقین کے لیے اسٹیڈیم کا گیٹ دوپہر 12 بجے کھولا جائے گا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کنٹرول سنبھال لیا
پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نیشنل اسٹیڈیم کا کنٹرول سنبھال لیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ اور سراغ رساں کتوں کے ذریعے اسٹیڈیم کی تلاشی لینے کے بعد اسے کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔

’پی ایس ایل کے ذریعے دُنیا کو بتائیں کہ پورا پاکستان محفوظ ہے‘
سابق کپتان رمیز راجا کا کہنا ہے کہ ہم پی ایس ایل کے ذریعے دُنیا کو بتائیں کہ پورا پاکستان محفوظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب سارا سال ہی کرکٹ ہورہی ہے، لیگز کھیلی جارہی ہیں، کرکٹ کا کوئی سیزن نہیں رہا تاہم اس کی وجہ سے کرکٹرز انجریز کا شکار ہوجاتے ہیں۔

پی ایس ایل فائنل کے لیے نیشنل اسٹیڈیم کے اردگرد سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کرکٹ میچز کےدرمیان وقفہ دیناچاہیے، ان کے نہ ہونے سے کھلاڑیوں کو فٹ ہونے میں وقت لگتا ہے۔

اس موقع پر سکندر بخت نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنی چاہیے تاکہ وہ فٹ رہ سکیں۔

لیوک رونکی بمقابلہ کامران اکمل؟
فلڈ لائٹس میں ہونے والے پی ایس ایل تھری کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی ہوں گی مد مقابل ہوں گی۔

اسلام آباد اب تک ٹورنامنٹ کی سب سے مضبوط ٹیم ابھر کر سامنے آئی ہے۔

کپتان مصباح الحق اور فاسٹ بولر رومان رئیس کی انجریز کے باوجود اسلام آباد کی فتوحات کا سلسلہ ٹورنامنٹ میں جاری رہا۔

کراچی تیار ہوجاؤ، ہم آرہے ہیں: ڈیرن سیمی کا ویڈیو پیغام

اسلام آباد کی جانب سے اننگز کا آغاز لیوک رونکی کرتے ہیں جو اپنی جارحانہ بلے بازی کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔

اگر ان کی جانب سے اسلام آباد کو جارحانہ آغاز فراہم کیا گیا تو زلمی کے بولرز کے لیے مشکلات بڑھ جائیں گی۔

جارحانہ بیٹنگ کی بات کی جارہی ہو تو کامران اکمل کو کیسے بھولا جاسکتا ہے جو پی ایس ایل میں دو سنچریاں اسکور کرنے والے واحد بلے باز ہیں۔

کراچی کنگز کے خلاف ان کی 77 رنز کی برق رفتار اننگز نے ان کی ٹیم کو بڑے ہدف تک پہنچادیا اور جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔

پشاور زلمی کا پی ایس فائنل تک کا سفر مشکلات سے بھرپور رہا۔ ایک موقع پر زلمی کے ٹاپ فور میں جگہ بنانے کے بھی امکانات کم دکھائی دے رہے تھے تاہم اپنی اختتامی چند میچ جیت کر زلمی اتوار کو فائنل میں اسلام آباد کے مدمقابل ہوگی۔

کوئٹہ کے خلاف اعصاب شکست مقابلے کے بعد ایک رن کی فتح نے زلمی کو فائنل جیتنے کا حوصلہ تو دیا ہوگا تاہم یہ ٹیم اپنے ٹاپ آرڈر کی جانب سے رنز پر انحصار کرے گی۔

نیشنل اسٹیڈیم میں کنٹرول روم قائم
فائنل مقابلے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم میں کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے۔

پی ایس ایل فائنل: شائقین کیا کر سکتے ہیں کیا نہیں؟ ضروری معلومات

نیشنل اسٹیڈیم کے اندر اور باہر 80 کیمروں کی مدد سے نگرانی کا نظام قائم کیا گیا ہے جس کے لئے کنٹرول روم قائم کرتے ہوئے 20 ایل سی ڈیز نصب کردی گئی ہیں۔

انچارج کنٹرول روم کے مطابق کیمروں کی مدد سے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر کی نقل و حرکت کا جائزہ لیا جائے گا اور اسٹیڈیم سے متصل سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کے نمبر بھی کیمروں کی رینج میں ہوں گے۔