خبرنامہ پاکستان

پی ایس ایل فرنچائزز کو 21واں کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت

پی ایس ایل فرنچائزز کو 21واں کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت
لاہور:(ملت آن لائن) پی ایس ایل 3 میں ہر فرنچائز کو ایمرجنگ یا قومی ٹی ٹوئنٹی کا ٹاپ پرفارمر بطور21واں کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت دیدی گئی۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی صدارت میں پی ایس ایل تھری کی فرنچائز کے مالکان اور ایگزیکٹیوز کا اجلاس نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوا،اس موقع پر نجم سیٹھی نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں اینٹی کرپشن اقدامات کو مزید بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقابلوں کو اس ناسور سے پاک رکھنے کی ہرممکن کوشش ہوگی۔ یاد رہے کہ دوسرے ایڈیشن کے آغاز میں ہی اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سامنے آ گیا تھا۔ اجلاس میں فرنچائز ٹیموں کا نام جعل سازی سے فروخت کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ میٹنگ کے دوران فرنچائز کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کو حتمی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا جس کا مقصد یہ ہوگا کہ زیادہ سے زیادہ باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو تلاش کرکے مستقبل کیلیے نیا پول بنایا جائے۔وسری جانب ہر فرنچائز کو 21واں کھلاڑی شامل کرنے کی اجازت دیدی گئی جو پاکستانی ہو گا، اس کیٹیگری میں ایمرجنگ یا قومی ٹی ٹوئنٹی کا کوئی ٹاپ پرفارمر جگہ بناسکے گا، فرنچائز کو کرکٹرز کیلیے تنخواہوں کی مد میں مختص کی گئی رقم میں 25ہزار ڈالر اضافہ کی اجازت بھی دیدی گئی۔ اس سے قبل تمام فرنچائزز کو کھلاڑیوں کی خریداری 12لاکھ ڈالر کی حد میں مکمل کرنے کا پابند کیا گیا تھا، جس کے تحت ہر کیٹیگری میں مخصوص تعداد میں پلیئرز لیے جاتے ہیں جن کی ایک طے شدہ قیمت ہوتی ہے۔