خبرنامہ پاکستان

پی ایس ایل میں غیر ملکی اسٹارز کی کمی کھٹکنے لگی

پی ایس ایل میں غیر ملکی اسٹارز کی کمی کھٹکنے لگی
لاہور:(ملت آن لائن)عالمی رینکنگ کے ٹاپ 10میں شامل کوئی غیرملکی بیٹسمین پی ایس ایل کا حصہ نہیں بنے گا۔ پاکستان سپر لیگ تھری کیلیے ڈرافٹ میں تمام فرنچائزز کی توجہ بڑے اسٹارز کے بجائے ان انٹرنیشنل کرکٹرز پر رہی جو پورے سیزن کیلیے دستیاب اور پاکستان آکر کھیلنے پر بھی آمادہ ہوں۔ واضح رہے کہ گذشتہ سیزن کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا تھا اور فائنلسٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسٹار کرکٹرز نے لاہور آنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد پشاور زلمی نے باآسانی ٹرافی پر قبضہ جمالیا۔ پی ایس ایل تھری کا آغاز آئندہ سال فروری میں ہو گا جب کینگروز جنوبی افریقہ میں کھیل رہے ہونگے، اس دوران ہی انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ کی مہمان ہو گی۔ اسی لیے ان کرکٹرز کونہیں منتخب کیا گیا جو قومی ٹیموں کا باقاعدہ حصہ یا ان کو شامل کیے جانے کے امکانات ہیں۔ی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں 6ٹیمیں شریک ہیں، ایونٹ کا دورانیہ طویل ہو گا، اس وجہ سے شیڈول مارچ میں آئی سی سی ورلڈ کپ کوالیفائرز سے بھی متصادم ہو سکتا ہے، اس صورتحال میں میگاایونٹ کیلیے براہ راست کوالیفائی نہ کرنے والی ٹیموں ویسٹ انڈین اور افغانستان کے بیشتر ٹاپ پلیئرز کی پورے ایونٹ کیلیے دستیابی ممکن نہیں ہوسکتی تھی، اسی بنا پر پلاٹینم پلیئر کیریبیئن اوپنر ایون لیوس اور بنگلادیشی تمیم اقبال کو پشاور زلمی نے سپلیمنٹری کیٹیگری میں منتخب کیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے افغان لیگ اسپنر راشد خان کو اسی کیٹیگری میں لیا جب کہ گزشتہ سیزن میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنے والے جارح مزاج ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل کی جانب کسی نے توجہ نہیں دی۔
دوسری جانب کئی فرنچائزز کو ریٹائرڈ یا انٹرنیشنل کرکٹ سے دور کھلاڑیوں پر بھی انحصار کرنا پڑا،مصباح الحق، کمار سنگاکارا، کیون پیٹرسن، شین واٹسن اور لیوک رونکی بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ چکے، محمد سمیع اور لیوک رائٹ طویل عرصے سے قومی ٹیموں کے قابل نہیں سمجھے گئے، پروٹیز کرکٹر رلی روسونے انٹرنیشنل کرکٹ پر کاؤنٹی ہیمپشائر کے ساتھ 3سالہ معاہدے کو ترجیح دینے کا فیصلہ رواں سال کے آغاز میں ہی کرلیا تھا۔
مجموعی طور پر عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ کے ٹاپ ٹوئنٹی بیٹسمینوں میں سے 5 پی ایس ایل کی مختلف فرنچائز کا حصہ بنے ہیں۔ ان میں سے 10 نمبر پر موجود بابر اعظم کراچی کنگز میں شامل ہیں، اسی فرنچائز نے نمبر12کولن منرو اور نمبر 13ایون مورگن کا بھی انتخاب کیا لیکن دونوں سپلیمنٹری پلیئرز ہیں،چھٹے نمبر پر موجود الیکس ہیلز اسلام آباد یونائیٹڈ کے سپلیمنٹری کھلاڑی ہیں، ٹاپ 20بولرز میں صورتحال قدرے مختلف ہے، نمبر 2عماد وسیم کراچی کنگز کے کپتان بنے، چوتھی پوزیشن پر موجود سیموئیل بدری اسلام آباد یونائیٹڈ،چھٹی پوزیشن کے سنیل نارائن اور ساتویں نمبرکے حامل مستفیض الرحمان لاہور قلندرز کا حصہ بنے ہیں، نویں نمبر پر موجود شکیب الحسن کا پشاور زلمی نے انتخاب کیا ہے۔
ٹاپ 10آل راؤنڈرز میں سرفہرست شکیب الحسن،نمبر 5 پال ڈومینی، نمبر 7 محموداللہ اور نمبر 9 شعیب ملک بھی پی ایس ایل کے دوران ایکشن میں ہونگے، بھارت کا کوئی کرکٹر کسی کیٹیگری میں شامل نہیں ہے۔