خبرنامہ پاکستان

پی ایس ایل کا انعقاد حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے، شاہد خاقان عباسی

نواز شریف کو سزا

پی ایس ایل کا انعقاد حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے، شاہد خاقان عباسی

کراچی :(ملت آن لائن) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ کراچی میں پاکستان سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد حکومت کی مثبت پالیسیوں کا نتیجہ ہے، ملک کی معاشی ترقی میں تاجر برادری کا اہم کردار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کراچی میں تاجر برادری کے رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی کی رونقیں بحال ہونے پر دلی خوشی محسوس ہورہی ہے۔ کراچی کی روشنیاں اور امن بحال ہوا ہے، حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے اج کراچی کی رونقیں بحال ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013 سے پہلے لوگ کراچی سے باہر منتقل ہونے کا سوچ رہے تھے لیکن اج یہاں رونقیں بحال ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے وسائل محدود ہیں، بعض اوقات مشکل فیصلے بھی کرنے پڑتے ہیں لیکن ہماری کوشش رہی ہے کہ ایسے فیصلے کئے جائیں جس سے معاشی نمو کو یقینی بنایا جاسکے، ملک میں پالیسیوں کا تسلسل جاری رہنا چاہئے تاکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال رہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں کچھ سیاسی جماعتوں کی وجہ سے پارلیمنٹ کا وقار مجروح ہوا ہے، ان سیاسی جماعتوں کا یہ طرز عمل ملک میں جمہوریت کے لئے درست ثابت نہیں ہوگا، حکومت اپنی مدت31مئی2018 کو پور ی کرے گی اور آئندہ عام انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری بھی درست سمت میں گامزن ہےاور اس کے بھی ملک پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے، ہماری یہ بھی کوشیش ہے کہ 6 فیصد ترقی کے ہدف کو حاصل کیا جائے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دھرنے اور پاناما کی وجہ سے ملک کی معیشت متاثر ہوئی ہے ۔ وزیراعظم نے بزنس کمیونٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپ لوگ اپنے آپ کو سیاسی اثرات سے دور نہیں کرسکتے۔ اس موقع پر بزنس کمیوںٹی نے وزیر اعظم کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا، وزیراعظم نے بزنس کمیونٹی کویقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے حکومت ترجیحی بنیادوں پراقدامات لے رہی ہے، ملاقات کے موقع پر گورنرسندھ محمد زبیر، وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب ، وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ مفتاح اسماعیل اور وزیراعظم کے معاون خصوصی مصدق ملک بھی موجود تھے۔