خبرنامہ پاکستان

پی ایس ایل 3 میں معاوضوں میں مخصوص حد تک کمی بیشی کی گنجائش

پی ایس ایل 3 میں معاوضوں میں مخصوص حد تک کمی بیشی کی گنجائش
لاہور:(ملت آن لائن) پی ایس ایل میں شرکت کرنے والے کرکٹرزکے معاوضوں میں مخصوص حد تک کمی بیشی کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ آئندہ سال ہونے والی پی ایس ایل میں مختلف کیٹیگریز سے مخصوص تعداد میں کرکٹرز کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں، فرنچائزز کو یہ تمام خریداری 12لاکھ ڈالر میں مکمل کرنے کا پابند کیا جاتا ہے تاہم اب مجموعی رقم میں مزید 25ہزار ڈالر کا اضافہ کردیا گیا تاکہ ٹیمیں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام یا قومی ٹی ٹوئنٹی کے ٹاپ کرکٹرز میں سے کسی کی خدمات حاصل کرسکیں۔ معلوم ہوا ہے کہ کرکٹرزکے معاوضوں میں مخصوص حد تک کمی بیشی کی گنجائش رکھی گئی ہے، مثال کے طور پر پلاٹینم پلیئرز کو ایک لاکھ 40 ہزار سے 2لاکھ 30 ہزار ڈالر تک دیے جا سکتے ہیں۔ ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل کرکٹرز کو 70 سے 85 ہزار ڈالر تک کمانے کا موقع ملتا ہے، گولڈ کیٹیگری کے حامل کھلاڑی 50 سے 60 ہزار ڈالر تک حاصل کرسکتے ہیں، سلور کیٹیگری 22 سے 33 ہزار ڈالر جبکہ ایمرجنگ پلیئر 10 سے 12 ہزار ڈالر تک اپنے گھر لے جاسکتے ہیں۔ہر کیٹیگری میں مخصوص حد میں رہتے ہوئے دی جانے والی تنخواہ کھلاڑی اور فرنچائز طے کرتے ہیں،مثال کے طور پر پلاٹینم کیٹیگری میں کیون پیٹرسن کو اگر 2لاکھ ڈالر دیے جارہے ہیں تو سرفراز احمد کا معاوضہ ایک لاکھ 75ہزار میں طے ہوسکتا ہے جب کہ فرنچائزز کو یہ خیال بھی رکھنا پڑتا ہے کہ ٹاپ کیٹیگریز میں اتنی مہنگی خریداری نہ کرلیں کہ دیگر کھلاڑیوں کا سیٹ پورا کرنے کیلیے 12لاکھ 25ہزار ڈالر کی حد سے تجاوز کرنا پڑے۔
یاد رہے کہ ہر اسکواڈ 16 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جبکہ 4،4 سپلیمنٹری پلیئرز میں ایک کا اضافہ کرنے کا فیصلہ پیر کو فرنچائز مالکان کے ساتھ اجلاس میں کیا گیا۔