خبرنامہ پاکستان

پی سی بی حکومت کو ہی اپنے احسان جتانے لگا

پی سی بی حکومت کو ہی اپنے احسان جتانے لگا
لاہور:(ملت آن لائن) پی سی بی حکومت کو ہی اپنے احسان جتانے لگا ڈائریکٹر آپریشز ہارون رشید کا کہنا ہے کہ ہم اپنے معاملات چلانے کے لیے سرکاری خزانے سے ایک پائی بھی نہیں لیتے۔
تفصیلات کے مطابق اسپورٹس فیڈریشنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے سینیٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز منعقد ہوا،اس دوران بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر آپریشنز ہارون رشید نے کہا کہ ہم اپنے معاملات خود چلانے ہیں،اس ضمن میں حکومت سے ایک پائی بھی نہیں لی جاتی، بورڈ25کروڑ کے قریب ٹیکس قومی خزانے میں جمع کراتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ 2،3سال میں پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ مکمل بحال ہو جائے گی، اس سلسلے میں بتدریج آگے بڑھ رہے ہیں،سیریز کی میزبانی کے لیے مختلف ملکوں کے کرکٹ بورڈز سے بات چیت جاری ہے، فیڈریشن آف انٹرنیشنل کرکٹرز ایسوسی ایشنز (فیکا) کے بھی پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات دور کر دیے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ علاقائی کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے کاوشوں اور ٹیلنٹ ہنٹ پرگرامزکے ذریعے فاٹا اور خیبر پختونخوا سے بڑی تعداد میں باصلاحیت کرکٹرز سامنے آرہے ہیں۔ ہارون رشید نے بتایا کہ کرکٹ اسٹرکچر میں تبدیلیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، کھلاڑیوں کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ملک بھر سے 40باصلاحیت ویمن کرکٹرز کا پول تیار کیا گیا ہے،چند علاقوں میں خواتین اس کھیل میں دلچسپی رکھتی ہیں لیکن والدین کی طرف سے اجازت نہ ملنے کے سبب شوق پروان چڑھانے سے قاصر ہیں۔