خبرنامہ پاکستان

پی سی بی نے بورڈ ملازمین کو دیگر کاموں کیلیے کھلی چھٹی دیدی

پی سی بی نے بورڈ ملازمین کو دیگر کاموں کیلیے کھلی چھٹی دیدی
لاہور:(ملت آن لائن) پی سی بی نے اپنے ملازمین کو دیگر کاموں کے لیے کھلی چھٹی دے دی ہے۔ ٹی ٹین لیگ کی فرنچائز پنجابی لیجنڈز کی کٹ متعارف کرانے کیلیے مقامی ہوٹل میں ہونے والی تقریب میں کوچ مشتاق احمد سے انضمام الحق کے ٹیم کا مالک ہونے کی خبریں گردش میں ہونے کا سوال کیا گیا،جواب میں سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہاکہ چیف سلیکٹریا ان کے بھائی نے کوئی ٹیم نہیں خریدی،انضمام الحق مینٹور کی حیثیت سے پنجابی لیجنڈز کے ساتھ وابستہ ہوئے ہیں،اس کے لیے بھی پی سی بی سے اجازت لی ہے، بورڈ کو اعتراض اس لیے بھی نہیں ہوا کہ ٹی ٹین لیگ پر اسے کوئی مسئلہ نہیں،دیگر ملکوں کے بورڈز نے بھی اپنے کھلاڑی بھجوائے ہیں۔
این سی اے کا کوچ ہونے کے باوجود فرنچائز کیلیے کام کرنے کے سوال پر انھوں نے کہا کہ 4،5 دن کی تو بات ہے،اکیڈمی کے معاملات متاثر نہیں ہونگے۔یاد رہے کہ ستمبر کے دوسرے ہفتے شائع ہونے والی رپورٹس میں چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے واضح طور پر کہا تھا کہ ٹی 10لیگ کے ساتھ ہمارا کوئی لینا دینا نہیں،قومی کرکٹرزکو ایونٹ میں شرکت کی اجازت نہیں دیںگے۔
بعد ازاں کھلاڑیوں کے ساتھ بورڈ میں حاضر سروس انضمام الحق اور مشتاق احمد کو بھی این اوسی دے دیا گیا، اس دوران پی ایس ایل کی فرنچائز نے بھی یواے ای میں ہی متوازی لیگ کی حمایت پر اعتراضات اٹھائے لیکن پی سی بی نے کوئی لفٹ نہیں کرائی، ٹی ٹین لیگ کے مقابلے 14 سے 17 دسمبر تک شارجہ میں ہوں گے، ایونٹ میں پنجابی لیجنڈز، مراٹھا عریبیئنز، کیرالہ کنگز، بنگال ٹائیگرز، پختونز اور ٹیم سری لنکا فرنچائزز شریک ہونگی۔ پنجابی لیجنڈز ٹیم میں کپتان مصباح الحق، آئیکون پلیئر شعیب ملک سمیت حسن علی، فہیم اشرف،اسامہ میر، عمراکمل، عبدالرزاق، کارلوس بریتھ ویٹ، کرس جورڈن، رنگانا ہیراتھ، عادل رشید، لیوک رونکی،دولت زدران، شریف اسدللہ اور غلام شبیر شامل ہیں۔