خبرنامہ پاکستان

پی ٹی آئی کا سابق وزیر خزانہ کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا سابق وزیر خزانہ کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (ملت آن لائن) تحریک انصاف نے سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جماعت کے مرکزی ترجمان فواد چودھری کہتے ہیں کہ اشتہاری کیسے سینیٹ الیکشن لڑ سکتا ہے؟
سابق وزیر خزانہ اسحق ڈار کے پنجاب سے سینیٹ الیکشن لڑنے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع ہونے کے بعد تحریک انصاف کا یہ فیصلہ سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسحق ڈار کے کاغذات نامزدگی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا جائے گا۔
سینیٹ الیکشن: مسلم لیگ نون کے امیدوار فائنل، ڈار پھر سینیٹر بننے کو تیار
پارٹی کے مرکزی ترجمان فواد چودھری کہتے ہیں ایک اشتہاری کیسے سینیٹ الیکشن لڑ سکتا ہے؟ بیماری کا بہانہ بنا کر اسحاق ڈار ملک سے فرار ہوئے اور پھر عدالتوں میں پیش نہ ہونے پر انہیں اشتہاری قرار دیا گیا، ایسے میں ایک اشتہاری کے سینیٹ الیکشن لڑنے کا معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے رکھا جائے گا اور اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس ضمن میں قیادت نے پنجاب کی پارلیمانی لیڈرشپ کو کاغذات چیلنج کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
احتساب عدالت: اسحاق ڈار کو اشتہاری قرار دینے کا تحریری حکم نامہ جاری