خبرنامہ پاکستان

پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے مابین اہم رابطہ

پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے مابین اہم رابطہ

اسلام آباد(ملت آن لائن)پاکستان تحریک انصاف اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مابین قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے حوالے سے رابطہ ہوا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے اعلامیے کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی اور فاروق ستار کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے اور دونوں رہنماؤں نے فوری ملاقات پر اتفاق کیا گیا۔
پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پاکستان کے مابین رابطہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی تبدیلی کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے فوری ملاقات پر اتفاق کیا ہے۔

پی ٹی آئی کا وفد شاہ محمود قریشی کی قیادت میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے کراچی آئے گا اور 26 ستمبر کو ملاقات ہوگی جب کہ پی ٹی آئی کے وفد میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، عمران اسماعیل اور فردوس نقوی شامل ہوں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ نااہل شخص سیاسی جماعت کا سربراہ نہیں بن سکتا اور اگر ایم کیو ایم کے کسی رکن نے (ن) لیگ کی حمایت کی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے سینیٹ میں انتخابی اصلاحات کا جو بل پیش کیا وہ غیر قانونی تھا ، بل اعتزاز احسن کی ترمیم کے بعد پیش ہونا چاہئے تھا۔ کوئی نااہل شخص کسی بھی پارٹی کا سربراہ کیسے ہوسکتا ہے۔ انتخابی اصلاحات پر پیپلزپارٹی کی ترمیم کی ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی نے حمایت کی اور اگر ایم کیو ایم کے کسی رکن نے (ن) لیگ کی حمایت کی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔