خبرنامہ پاکستان

پی ٹی آئی جلسے میں بدانتظامی چاررکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم

اسلام آباد:(آئی این پی) تحریک انصاف کے اسلام آباد کے جلسہ میں خواتین سے بدسلوکی پر پارٹی خواتین پھٹ پڑیں ، عظمی کاردار نے چیئرمین عمران خان کو خط لکھ دیا ، خواتین کا تحفظ نہیں کرسکتے تو نیا پاکستان کیسے بنائیں گے ، عمران خان نے نعیم الحق کی سربراہی میں چار رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنادی ۔ تحریک انصاف کا اسلام آباد میں یوم تاسیس کا جلسہ ہر طرف خواتین ہی خواتین مگر خواتین نشانہ بنیں بدسلوکی کا ، جلسے میں بھی عدم تحفظ کاشکار رہیں ۔ جلسے میں جوکچھ ہوا پی ٹی آئی کی خواتین رہنما اس پر پھٹ پڑیں ۔ عظمی کاردار نے خط لکھ دیا جناب چیئرمین جلسے میں خواتین کے ساتھ بدسلوکی انتہائی افسوس ناک ہے ۔ خط میں یہ بھی کہہ دیا کہ بدسلوکی کرنے والے مسلم لیگ ن کے نہیں پی ٹی آئی کے کارکن تھے ۔ عظمی کاردار کا کہنا ہے اگر پارٹی اپنی خواتین کا تحفظ نہیں کرسکتی تو نیا پاکستان کیسے بنائیں گے ۔ خواتین قیادت کا کہنا ہے کہ جلسے میں بدانتظامی کی ذمہ دار جلسہ انتظامیہ ہے ۔ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ عمران خان نے واقعات کا نوٹس لیتے ہوئے نعیم الحق کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ۔ کمیٹی میں طلعت نقوی ، یونس علی رضا اور نفیسہ خٹک کو شامل کیا گیا ہے ۔ کمیٹی سات روز میں تحقیقات کرکے چیئرمین کو رپورٹ دے گی ۔