خبرنامہ پاکستان

پی ٹی آئی قیادت کی رائےونڈمارچ کی تاریخ تبدیل کرنےکی تجویز

لاہور: (اے پی پی) رائے ونڈ مارچ کے موقع پر وزیراعظم ملک سے باہر ہوں تو تاریخ میں معمولی رد و بدل کر لیا جائے ، سینئر رہنماؤں نے کپتان کو مشورہ دیدیا ۔ اس سلسلے میں پارٹی کا اعلی سطح کا اجلاس بھی جمعہ کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان چوبیس ستمبر کو رائے ونڈ مارچ کا اعلان کر چکے ہیں ۔ تاہم پارٹی کو اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ ان دنوں نواز شریف بیرون ملک ہوں گے اس لئے پارٹی کے بعض سینئر رہنماؤں نے کپتان کو مشورہ دیا ہے کہ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے رائے ونڈ مارچ کی تاریخ میں معمولی تبدیلی کر لی جائے ۔ ان تجاویز پر چیئرمین عمران خان حتمی فیصلہ کریں گے کہ تاریخ تبدیل کرنی ہے یا چوبیس ستمبر کی ہی تاریخ کو برقرار رکھنا ہے ۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین نے اعلی سطح کا اجلاس بھی جمعہ کے روز اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے جس میں رائے ونڈ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے جا ئزہ لیا جائے گا ۔