خبرنامہ پاکستان

پی ٹی آئی کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت؛الیکشن کمیشن

پی ٹی آئی کو جواب جمع کرانے کی آخری مہلت؛الیکشن کمیشن
اسلام آباد: (ملت آن لائن) الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے اور رائے حسن نواز کو مغربی پنجاب کا صدر بنانے کیخلاف مقدمات میں تحریک انصاف کو 13 نومبر تک جواب جمع کرانے کی آخری مہلت دے دی۔ الیکشن کمیشن میں تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم قرار دینے سے متعلق کیس میں پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان ایک بار پھر پیش نہ ہوئے۔ الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو جواب جمع کرانے کے لیے آخری مہلت دیتے ہوئے کہا کہ 13 نومبر تک تحریک انصاف جواب جمع کرائے نہیں تو فیصلہ سنا دیں گے۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کیس کی سماعت 13 نومبرتک ملتوی کر دی۔ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے رہنما یوسف علی نے انٹرا پارٹی انتخابات کیخلاف درخواست دے رکھی ہے۔ نا اہلی کے باوجود رائے حسن نواز کو پی ٹی آئی مغربی پنجاب کا صدر بنانے سے متعلق کیس میں بھی تحریک انصاف نے جمع نہیں کرایا، رائے حسن نواز کے وکیل کی مزید وقت دینے کی استدعا پر رکن الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ دو بار موقع دیا گیا اب کیا آپ کا کیس خارج کر دیا جائے؟ الیکشن کمیشن نے عمران خان، جہانگیر ترین کو جواب جمع کرانے کیلیے آخری نوٹس کرتے ہوئے سماعت 13 نومبر تک ملتوی کر دی۔