خبرنامہ پاکستان

پی پی پی کی وزیراعظم آزاد کشمیر کیخلاف سینیٹ میں تحریک التوا

اسلام آباد(ملت آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کے بیان کےخلاف سینیٹ میں تحریک التوا جمع کروا دی۔

تحریک التوا پی پی پی سینیٹر سحر کامران نے جع کروائی جس کے متن میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا بیان پاکستان کے قومی مفاد کے حوالے سے اہم ہے۔

تحریک التوا کے متن کے مطابق کشمیر کے عوام نے پاکستان سے الحاق کے لیے بڑی قربانیاں دیں جبکہ بیان پر ایوان میں بحث کی جائے۔

دوسری جانب تحریک انصاف نے موقف اختیار کیا ہے کہ راجہ فاروق جیسے کرداراقتدار میں رہیں گے تو کشمیر کاز کو نقصان پہنچتا رہے گا۔

تحریک انصاف کے مطابق عدالتی فیصلے کے بعد نواز شریف کی حمایت میں قومی سلامتی پر وار شرمناک ہے، راجہ فاروق کے تحریک آزادی کشمیر پر وار کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیاسی ہلچل پر تشویش ہے اس لیے پاکستانی سیاست میں کشمیری تحریک کو متاثر نہ کیا جائے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس وقت کوئی حکومت نہیں اور پاکستانی سیاست میں ہونے والی ہلچل پر تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری تحریک نازک مسئلہ ہے اس لیے اس تنازع میں کشمیری تحریک کو متاثر نہ کیا جائے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان سے الحاق سے متعلق میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا جس نے ذاتی طور پر ٹھیس پہنچائی جب کہ اپنے بیان کی وضاحت بھی کرچکا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میرا ملک ہے، اگر میں نے کوئی غلط بات کی ہے تو میری گردن اڑا دیں، میں آزاد کشمیر کے لوگوں کے پاس جاؤں گا اور اپنا مقدمہ پیش کروں گا۔