خبرنامہ پاکستان

چئیرمین نیب نے عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر کا نوٹس لے لیا

چئیرمین نیب نے عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر کا نوٹس لے لیا

اسلام آباد:(ملت آن لائن) چئیرمین نیب جسٹس(ر) جاوید اقبال نے تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب خیبرپختون خوا کو انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔ قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے پر چئیرمین نیب نے نوٹس لے لیا ہے۔ ترجمان نیب کے مطابق عمران خان نے غیرسرکاری دوروں کے لئے خیبرپختون خوا کے کے سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کئے۔ عمران خان نے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر 22 گھنٹے جب کہ ایکیورئیل ہیلی کاپٹر 52 گھنٹے استعمال کیا۔ نیب کے جاری کردہ اعلامیئے کے مطابق وزیراعلیٰ کےپی پرویز خٹک نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور سرکاری ہیلی کاپٹر غیرسرکاری طور پر ارزاں نرخ پر استعمال ہونے پر چئیرمین نیب نے نوٹس لے لیا ہے اور ڈی جی نیب خیبرپختون خوا کو اس حوالے سے تحقیقات کا حکم بھی دے دیا گیا ہے۔

…………………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے…‘ملکی حالات جب بھی بدل رہے ہوتے ہیں وزیراعظم نااہل ہو جاتا ہے’

اسلام آباد:(ملت آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا ہے کہ ملک کے جب بھی حالات بدل رہے ہوتے ہیں تو وزیراعظم یا تو نااہل ہوجاتا ہے یا ہائی جیکر بن جاتا ہے۔
احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کو لکھی ہوئی رپورٹ دی گئی، اگر انہیں آج رپورٹ لکھنے کا کہا جائے تو وہ اس کے 5 صفحات بھی نہیں لکھ سکتے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے کہا کہ یہاں تو بڑے بڑے کام ہوتے ہیں، پکڑتے پاناما میں اور نکالتے اقامہ میں ہیں جس پر صحافی نے سوال کیا کہ اگر آپ کو توہین عدالت میں سپریم کورٹ بلایا گیا تو پیش ہوجائیں گے جس پر ان کا کہنا تھا میں تو ہیروں والی جے آئی ٹی کے سامنے بھی پیش ہوگیا تھا۔ کیپٹن (ر) صفدر کا کہنا تھا کہ کبھی دھرنے اور کبھی نیوز لیکس، ہمارے ہاتھ باندھ دیے گئے ہیں، ملک کے حالات جب بھی بدل رہے ہوتے ہیں تو وزیراعظم یا تو پھانسی پر لٹکا دیا جاتا ہے، کبھی ہائی جیکر بن جاتا ہے اور کبھی نااہل ہوجاتا ہے۔