خبرنامہ پاکستان

چائے کی کاشت کے چینی ماہرین کا دورہ پاکستان

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) چین کا ایک تین رکنی وفد آج کل پاکستان کے دورے پر ہے ، دورے کا مقصد چائے کی کاشت کو فروغ دینے کے سلسلے میں تعاون اور تحقیق کرنا ہے ،وفد میں چائے پر تحقیق کرنیوالے ہانگ زو کی چینی اکیڈیمی آف یگریکلچر سائنسز کے ڈائریکٹر یانگ یاجن اور سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبہ کے سربراہ لن زی اور ہانگ زو کی چینی اکیڈیمی آف یگریکلچر سائنسز کے ایسوسی ایٹ پروفیسر یو آن زی شی شامل ہیں ، اپنے اس دورے کے دوران وفد نے پاکستان کی زرعی تحقیقی کونسل کے ہیڈ کوآرٹر کا دورہ کیا اور زرعی تحقیقاتی کونسل کے فصلوں کے سائنسی ڈویژن کے سینئر سائنسدانوں سے پروگرام کے بارے میں بات چیت کی ،اجلاس میں نیشنل کوآرڈینیٹر (آئل سیڈز) ڈاکٹر محمد امجد نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ پی اے آر سی کے دیگر سائنسدانوں سرتاج خان ، ڈاکٹر محمد عاصم ،ڈاکٹر ایف ایس حامد نے شرکت کی ،اس سلسلے میں بتایا گیا کہ پاکستان میں شنکیاری مانسہرہ کے مقام پر چائے کی کاشت کی جارہی ہے ، وفد نے شنکیاری کا بھی دورہ کیا ،چینی سائنسدانوں کا یہ دورہ چائے کی کاشت کے بارے میں 12 نومبر 2014ء کی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہونے کے سلسلے میں کیا گیا ہے ، اس دورے کے دوران چینی ماہرین چائے کی کاشت کے مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کریں گے تا کہ پاکستان میں چائے کی کاشت اور تحقیق کو آگے بڑھایا جا سکے ۔