خبرنامہ پاکستان

چاروں صوبوں کے گورنروں کا پیغام، امن کا نشان، ہمارا پاکستان

چاروں صوبوں کے گورنروں کا پیغام، امن کا نشان، ہمارا پاکستان

راولپنڈی:(ملت آن لائن) یوم پاکستان کی مناسبت سے آئی ایس پی آر حب الوطنی سے سرشار نغمے ’امن کا نشان ، ہمارا پاکستان‘ کا ایک اور ٹریلر جاری کردیا، جس میں چاروں صوبوں کے گورنر سمیت گورنر گلگت بلتستان نے اپنے پیغامات ریکارڈ کرائے ہیں۔ یوم پاکستان کے موقع پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے نئے نغمے ’امن کا نشان، ہمارا پاکستان‘ کی مختلف ویڈیوز ریلیز کی جارہی ہیں۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک نئی ویڈیو شیئر کی، جس میں 78 ویں یوم پاکستان کے موقع پر چاروں صوبوں کے گورنروں کے علاوہ گلگت بلتستان کے گورنر اور صدر آزاد کشمیر وطن سے عقیدت و محبت کا والہانہ اظہارکر رہے ہیں۔
گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ الحمداللہ پاکستان نےہمیں شناخت دی جبکہ گورنرسندھ محمد زبیر نے پیغام دیا کہ پاکستان امن کاگہوارہ ہے۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا کہ وطن سے محبت ایک انمول جذبہ ہے اور خیبر پختونخواہ کے گورنر ظفر اقبال جھگڑا کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کاکردارلاجواب دنیاکیلئےمثال ہے۔ گورنرگلگت بلتستان میرغضنفر علی خان نے کہا کہ ہمارا مستقبل روشن ہے جبکہ صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ 23مارچ کادن ایک سنگ میل،ایک عہدبھی ہے۔ گذشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے نغمے کی ایک ویڈیو جاری کی گئی تھی، جس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے منتخب وزرائے اعلیٰ نے یوم پاکستان پر قوم کو مبارک باد پیش کی اور وطن کی اہمیت و افادیت کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاکہ ملک کی ترقی کے لیے ہم سب کو مل کر چلنا ہوگا۔ قبل ازیں آئی ایس پی آر کی جانب سے نغمے کی پہلی ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں ملک کے نامور صحافیوں نے اپنے پیغامات ریکارڈ کرائے تھے، ان نامور صحافیوں میں اے آر وائی کے نامور صحافی ارشد شریف نے بھی وطن سے محبت کا اظہار کیا تھا۔