خبرنامہ پاکستان

چالیس ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر نو ،بحالی اور تزئین و آرائش کا کام جاری

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) ملک بھر میں40 ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر نو ،بحالی اور تزئین و آرائش کا کام کیا جارہا ہے۔ پاکستان ریلویزسبی ،ہرنائی ‘کراچی کینٹ اور رائے ونڈ سمیت مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر باقاعدہ کام شروع کر چکا ہے جبکہ ان کے علاوہ سندھ کے 12،پنجاب کے 10،خیبرپختون خوا کے 5اور بلوچستان کے 4ریلوے اسٹیشنوں پر بہت جلد کام شروع ہو گا۔ ریلوے اسٹیشنوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبے کے ایم ڈی فرخ تیمور غلزئی کے مطابق رائے ونڈ ریلوے اسٹیشن کی نئی عمارت کو 15 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے فروری 2018 تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ پرانی عمارت کی مخدوش حالت کو بہتر بناتے ہوئے سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کے دفاتر کے لئے استعمال کیاجائے گا۔انہوں نے بتایا کی دوسرے مرحلے میں ایک علیحدہ پراجیکٹ کے تحت رائے ونڈ کے ریلوے اسٹیشن پر برقی زینے بھی لگائے جائیں گے۔ نئے ریلوے اسٹیشن پر 70مسافروں کی گنجائش کے ساتھ ویٹنگ ایریا، سو نمازیوں کے لئے نماز کی جگہ ،ریزرویشن اور انفارمیشن آفس ،ٹک شاپ اور ٹکٹنگ روم کے لئے جگہ مختص کی گئی ہے۔ ریلوے اسٹیشن پر 170موٹرسائکلیں ،25ٹیکسیاں اور80کاروں کی پارکنگ کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔موجودہ حکومت نے عوام کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔اور اس سلسلہ میں ہر ممکن کو ششیں کی جارہی ہیں۔ریلوے اسٹیشنوں اور ریل گاڑیوں کی اپ گریڈیشن کا کام کیا جارہا ہے۔جبکہ ریلوے ٹریکس اور پلوں کی مرمت کا کام بھی جاری ہے۔