خبرنامہ پاکستان

چترال میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری

چترال میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری
چترال:(ملت آن لائن) طویل خشک سالی کے بعد چترال اور مضافات میں موسم سرما کی پہلی برف باری اور بارش سے موسم میں کافی تبدیلی آگئی‘ کاروبارِ زندگی بند ہوکر رہ گیا‘ پولیس نے لواری ٹنل سے گزرنے والوں کو ٹائروں پر زنجیر لگانے کی ہدایت کردی۔ چترال پولیس کے مطابق بالائی چترال میں یارخون لشٹ کے مقام پر برف باری ہورہی ہے۔ جبکہ لواری ٹاپ پر ابھی تک چھ انچ سے زیادہ برف باری ہوئی ہے۔ ٹریفک پولیس ڈرائیوروں کو ہدایت دے رہے ہیں کہ لواری ٹنل پر گزرنے سے پہلے ٹائروں کو زنجیر ضرور لگادی جائے۔وادی کیلاش کے گاؤں بمبوریت میں چھ انچ تک برف باری ہوچکی ہے جبکہ چترال اور مضافات میں گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ بالائی علاقوں سمیت پہاڑوں پر برف باری اور مسلسل بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔کاروبار زندگی بری طرح ٹھپ ہوکر رہ گئی ہے زیادہ تر لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے۔ لواری ٹنل میں سفر کے دوران عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ڈرائیور یونین کے نمائندوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی خواہ محواہ عوام کو تنگ کر رہے ہیں ۔ براڈام کے مقام پر چھوٹا سرنگ جو دو کلو میٹر لمبا ہے اس میں کوئی کام نہیں ہورہا ہے مگر این ایچ اے کے عملہ نے وہاں پتھر رکھ کر بلا وجہ بند کیا ہوا ہے اور لوگوں کو زیارت کے خطرناک سڑک پر گزارنے پر مجبور کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف تو چھوٹے سرنگ سے باہر عشریت تک کا سڑک نہایت زگ زیگ ہونے کی وجہ سے خطرناک ہے اور دوسرا یہاں پھسلن بھی ہے جو حادثوں کا سبب بنتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس خطرناک سڑک کے دونوں جانب حفاظتی دیواریں تعمیر کی جائے تاکہ کسی قسم کے حادثے سے بچا جاسکے۔دوسری جانب زیریں چترال میں وادی مڈگلشٹ اور شیشی کوہ میں بھی اس موسم کی پہلی برف باری ہوئی ہے جس سے موسم میں کافی تبدیلی آئی ہوی ہے۔برف باری شروع ہوتے ہی چترال میں بجلی کی آنکھ مچولی بھی شروع ہوتی ہے اور بعض اوقات تو کئی ہفتوں تک بجلی غائب رہتی ہے۔