خبرنامہ پاکستان

چوہدری شجاعت کی زیر صدارت 4 جماعتی اتحادکافوجی عدالتوں کی مدت میں دو سال کی توسیع پر اتفاق

لاہور (ملت + آئی این پی) مسلم لیگ (ق) کے صدر شجاعت حسین کی زیر صدارت 4 جماعتی اتحادکے اجلاس میں فوجی عدالتوں کی مدت میں دو سال کی توسیع پر اتفاق جبکہ ‘چوہدری شجاعت نے فوجی عدالتوں سے متعلق معاملات کی نگرا نی کیلئے پارلیمانی کمیٹی بنانے اور اپنی9تجویزسینٹ میں پیش کر نیکا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوجی عدالتوں میں سیشن ججز ہوں گے تو پھر وہ صرف نام کی فوجی عدالتیں ہی رہ جائیں گی ‘ پاناما کیس کے حوالے سے ملکی مستقبل اللہ کے بعد جج حضرات کے ہاتھ میں ہے ، خیال ہے پاناما کیس میں عدلیہ کرپشن کے خاتمے کے حوالے سیگائیڈ لائن دے گی‘ حکومتی پالیسیوں سے اس کے دوست ممالک بھی دور ہوتے جا رہے ہیں‘پانامہ کیس کے فیصلے کے بعد (ن) لیگ اور حکومت کا مستقبل کیا ہوگا فیصلے کے 12گھنٹے بعد بتا دوں گا ‘ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد خوش آئندہ ہے کیونکہ عوام کرکٹ کے بہت شوقین ہیں اور ملک کے نازک حالات میں ان کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔ وہ لاہور میں 4 جماعتی اتحادکے اجلاس کے بعد عوامی تحر یک انصاف کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور سنی اتحاد کونسل کے قائدین کے ہمراہ مشتر کہ پر یس کانفر نس سے خطاب کر رہے تھے مسلم لیگ(ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں دو سال کی توسیع اور کیسز کی نگرانی کے لئے پارلیمانی کمیٹی بنائی جائے جبکہ کسی سیاسی جماعت اور اس کے کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائی سے گریز کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی حالات خراب ہیں جس کی وجہ سے دوست ممالک بھی دور ہو رہے ہیں ایسے نازک وقت میں ملکی سلامتی اور امن و امان کی بحالی کے لئے ضروری ہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں 2 سال کی توسیع جبکہ دہشتگردی میں ملوث ملزمان کو فوجی عدالتوں میں پیش کرنے سمیت ان کیسز کی نگرانی کے لئے پارلیمانی کمیٹی قائم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی نہایت سنگین نوعیت کا مسئلہ ہے جس کے حوالے سے خاصی کیفیوژن پائی جاتی ہے لہذا کسی بھی سیاسی جماعت اور اس کے کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائی کرنے سے اجنتاب کیا جائے جبکہ دہشتگردی سے متعلق تشریح کے لئے پارلیمنٹ میں بحث کی جائے تاکہ باریک بینی سے اس ناسور کا جائزہ لے کر اس کے خاتمے کے لئے قوانین پر عملدرآمد میں مدد مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ سے متعلق صحافی کے ایک سوال پر کہا کہ ملک میں ہر قسم کی افراتفری اور بددیانتی ہو رہی ہے جس کا سدباب انتہائی ضروری ہے البتہ پانامہ پر بہت باتیں ہوئیں اور اب کیس کے فیصلے کا انتظار ہے ۔ امید ہے کہ جو بھی فیصلہ آئے گا قوم کی بہتری کے لئے ہی ہو گا ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ لاہور میں پی ایس ایل کے فائنل کا انعقاد خوش آئندہ ہے کیونکہ عوام کرکٹ کے بہت شوقین ہیں اور ملک کے نازک حالات میں ان کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے چاہئیں ۔ ایک اور سوال کے جواب میں چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف افواج پاکستان کے آپر یشنز کا بہت زیادہ فائدہ ہو رہا ہے کیونکہ انکی وجہ سے دہشت گرد اور دہشت گردی ختم ہو رہی ہے اور پوری قوم اس کو سپورٹ کرتی ہے ۔