خبرنامہ پاکستان

چھکو ں کا ویسٹ انڈیز انگلینڈ کو شکست دے کر ٹی 20 عالمی چیمپین بن گیا

کولکتہ:(آئی این پی)ویسٹ انڈیز نے بریتھویٹ کے آخری اوورز میں مسلسل 4 چھکوں اور سیموئلز کے شاندار 85 رنز کی بدولت انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4 وکٹ سے شکست دیکر دوسری بار ورلڈ ٹی 20 ورلڈکپ جیت لیا، جبکہ ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم نے بھی فائنل میچ میں آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کی جانب سے دئیے جانے والے 156رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا رہا اور انگلش ٹیم کا پلہ بھاری رہا تاہم آخری اوورز میں مارلن سیموئل کی 85 رنز کی اہم اننگ کی بدولت ویسٹ انڈین بیٹسمین انگلش بولرز پر حاوی ہوتے چلے گئے۔ آخری اوور میں 19 رنز درکار تھے، بریتھویٹ نے آخری اوور کی پہلی چار گیندوں پر چار چھکے لگاکر ویسٹ انڈیز کو شاندار فتح دلوا دی۔ انہوں نے صرف 10 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 34 رنز بنائے۔ مارلن سیموئل نے ویسٹ انڈیز کی جیت میں مرکزی کردار ادا کرتے ہوئے 85 رنز کی اننگز کھیلی، انکی اننگ میں 2 چھکے اور 9 چوکے شامل تھے۔ ڈیون براوو 25 رنز کی اننگ کے ساتھ نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلی نے 3 اور جوروف نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ مارلن سیموئل کو 85 رنز کی اہم ترین اننگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ قبل ازیں انگلینڈ نے پہلے کھیلتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 155رنز بنائے تھے۔ ادھر ویمنز ورلڈ ٹی ٹونٹی کے فائنل میں ویسٹ انڈیز نے دفاعی چمپئن آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر نئے چمپئن کا اعزاز حاصل کرلیا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور مقررہ اورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 149 رنز بنائے۔کپتان میگ لیننگ اورایلیس ویلانی 52، 52 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہیں۔ ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز اور سٹیفنی ٹیلر نے 120 رنز کی شراکت قائم کر کے بہترین آغاز فراہم کیا۔ سٹیفنی ٹیلر نے 57 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ دندرا دوتن اور برٹنی کوپر نے میچ کا اختتام کیا اور ویسٹ انڈیز کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ہیلی میتھیوز نے 45 گیندوں پر 66 رنز بنائے، انکی وکٹ کرسٹین بیم نے حاصل کی۔ ویسٹ انڈیز کی ہیلی میتھیوز کو میچ اور سٹیفنی ٹیلر کو سیریز کی بہترین کھلاڑی قرار کا ایوارڈ دیا گیا۔ فتح کے بعد ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹرز نے ایڈن گارڈنز گرائونڈ میں خوف جشن منایا اور رقص کر کے اپنے جذبات کا اظہار کرتی رہیں۔ ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے کپتان ڈیرن سیمی، دیگر کھلاڑی اور آفیشلز بھی خواتین کے ساتھ جشن منانے گرائونڈ میں پہنچ گئے ۔ ورلڈ ٹی 20 کے فائنل میں انگلینڈ کو شکست دینے کے بعد ویسٹ انڈیز ایک ہی دن میں ایک ہی گرائونڈ میں ویسٹ انڈیز دو ورلڈ کپ جیتنے والا پہلا ملک بن گیا۔ رواں برس کرکٹ کے تین ورلڈکپ کھیلے گئے ۔ پہلا بنگلہ دیش میں انڈر 19 ورلڈکپ ہوا جس میں ویسٹ انڈیز فاتح ٹھہرا جبکہ دو ورلڈکپ بھارت میں ہوئے ایک عورتوں کا اور ایک مردوں کا، اور یہ دونوں بھی ویسٹ انڈیز اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ اس طرح یہ ویسٹ انڈیز کی بہت بڑی کامیابی بن گئی کہ انہوں نے پوری دنیا میں اپنی کرکٹ کا سکہ جما دیا۔