خبرنامہ پاکستان

چھ ستمبرتاریخ سازدن اوراس کی اہمیت 14 اگست کی طرح ہے: شیخ آفتاب

اسلام آباد:(اے پی پی) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ 6 ستمبر ایک تاریخ ساز دن ہے‘ اس کی اہمیت 14 اگست کی طرح ہے‘ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دشمن کا راستہ روکا‘ کشمیریوں کے حق خودارادیت اور مسئلہ کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا وزیراعظم نواز شریف کا وژن ہے ‘ اس مقصد کے لئے مختلف ممالک میں وفود بھجوائے جارہے ہیں۔ منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چھ ستمبر پاکستان کے لئے ایک تاریخ ساز دن ہے اور اس کی اہمیت 14 اگست کی طرح ہے، 1965ء میں بھارت نے پاکستان پر حملہ کرکے بعض علاقوں پر قبضہ کا منصوبہ بنایا۔ ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے ان کا راستہ روکا۔ آج اگر ہم آزاد ہیں تو اس کا سہرا ان کو جاتا ہے جو اپنی جانیں دے کر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مثبت راستے پر چلنے والے ہی کامیاب و کامران ہوتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہاکہ متحدہ ہندوستان کی تقسیم کے وقت کشمیر کا مسئلہ ادھورا چھوڑ دیا گیا، کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق نہیں دیا گیا۔ ہندوستان بندوق کی نوک پر آج تک ان کو حق دینے سے انکاری ہے۔ محض طاقت کے بل بوتے پر انہیں غلام نہیں بنایا جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کا یہ وژن ہے کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت اور مسئلہ کو عالمی سطح پر اجاگر کیا جائے، اس مقصد کے لئے اب وفود مختلف ممالک میں بھجوائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ افواج پاکستان کی صلاحیتوں اور بہادری کا اعتراف عالمی سطح پر کیا جاتا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنرل راحیل شریف اور افواج پاکستان نے ملک کے اندرونی اور بیرونی حالات میں اہم قربانیاں دی ہیں جن پر ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ہمیں آپس میں افہام و تفہیم کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے بچوں کے روشن مستقبل کی بات کرنا ہوگی۔ چھ ستمبر کے شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ نواز شریف ملک کو دلدل سے نکالنے میں کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف ہر ایک کو ملازمت‘ ترقی‘ غربت کے خاتمے کا وژن رکھتے ہیں، اس وژن پر چلتے ہوئے منزل مقصود تک پہنچیں گے۔