خبرنامہ پاکستان

چھ ستمبرپاکستان کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائےگا: نوازشریف

اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم نواز شریف نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حتف میزائل سیریز، الخالد و الضرار ٹینک ، جے ایف17 تھنڈر طیارے ،آگسٹا آبدوزیں اور ایٹمی صلاحیت ہمارے مضبوط دفاع کی ناقابل تسخیر علامات ہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف نے یوم دفاع پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں ایک روشن اور ولو لہ انگیز دن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ اس روز ہماری بہادر مسلح افواج نے قوم کے شانہ بشانہ جارح دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا کر یہ پیغام دیا تھا کہ وہ اپنی آزادی کی حفاظت کرنا جانتی ہیں ۔ یقیناً ہماری افواج کے افسروں اور جوانوں کی قربانیوں نے ہماری آزادی کو دوام بخشا ہے جس پر پوری قوم انہیں خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔ پاکستان کی سالمیت ،وقار اور بقا کی خاطر ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔