خبرنامہ پاکستان

چیئرمین ایف بی آرپرعمران کےالزامات لغو ہیں: اسحاق ڈار

اسلام آباد : (اے پی پی) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ایف بی آر کے چیئرمین کیخلاف سنگین الزامات لگانے پر اپنا سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ بدھ کو وزارت خزانہ سے جاری کئے گئے ایک بیان میں انہوں نے ان الزامات کو بالکل جھوٹ قراردیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنے بیانات کو ثابت کرنے کیلئے کوئی ثبوت نہیں دیئے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر محنتی، ایماندار اور دیانتدار شخص ہیں تاہم یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ عمران خان نے کسی ثبوت کے بغیر ملک کیلئے نمایاں محصولات جمع کرنے والے افسر کے تشخص کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے گزشتہ تین سال کے دوران محصولات وصولی میں 60 فیصد اضافہ ہوا ہے جیسا کہ 2012-13ء میں شرح نمو 3.38 فیصد تھی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ایسے بے بنیاد بیانات اور الزامات سے صرف ایف بی آر کے ملازمین اور فعال اداروں کا مورال پست کیا جا سکتا ہے۔ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ عمران خان الزامات لگانے سے قبل یہ ضرور سوچیں کہ اس سے نہ صرف کسی فرد کی بلکہ قومی اداروں کی ساکھ پر بھی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔