خبرنامہ پاکستان

چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری سرکاری دورے پر چین روانہ

اسلام آباد ۔ 07 نومبر (ملت + اے پی پی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری سرکاری دورے پر چین روانہ ہوگئے ہیں۔انہیں چین کے وزیر برائے سپر ویژن اینڈ انسپکشن ہوآنگ شکشیان نے دورے کی دعوت دی ہے۔ چیئرمین نیب کے چین میں قیام کے دوران دونوں ملک بدعنوانی کے خاتمے سے متعلق امور میں تعاون کیلئے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کرینگے۔ یہ مفاہمتی یاداشت چین اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی اور تجارتی تعاون کے تناظر میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے اور دونوں ملکوں کی حکومتوں کے شفاف اور بد عنوانی سے پاک ماحول کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ چین روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمودہ دوست ہے، پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان طویل المدتی تعلقات کو باہمی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں دوست ملکوں کے درمیان انسداد بد عنوانی کیلئے تعاون کومزید فروغ ملے گا۔