خبرنامہ پاکستان

چیئرمین واپڈا کا تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کا دورہ ، تعمیراتی کام کا جائزہ لیا

لاہور (ملت + آئی این پی) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کا دورہ کیا۔ اُن کے دورے کا مقصد اِس زیرتعمیر منصوبے پر کام کی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا۔اپنے دورے میں چیئرمین واپڈا نے منصوبے کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا مشاہدہ کیا۔ اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ بات اطمینان کا باعث ہے کہ واپڈا کی موجودہ انتظامیہ کی بھرپور کوشش کی بدولت منصوبے پر کام کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔اُنہوں نے پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی کام کی رفتار برقرار رکھنے کیلئے تمام اقدامات بروئے کار لاتے رہیں، تاکہ اِس منصوبے کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جاسکے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ 1410 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا تربیلا چوتھا توسیعی منصوبہ واپڈا کے کم لاگت بجلی پیدا کرنے کے پلان کا حصہ ہے، جسے ترجیحی بنیادپر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کے تحت تربیلا ڈیم کی سرنگ نمبر4 پر تین پیداواری یونٹ نصب کئے جارہے ہیں، جن میں سے ہر ایک کی پیداواری صلاحیت 470 میگاواٹ ہے۔ اس منصوبے کی تکمیل پر تربیلا ہائیڈل پاور سٹیشن کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 3 ہزار 478 میگاواٹ سے بڑھ کر 4 ہزار 888 میگاواٹ ہوجائے گی۔