خبرنامہ پاکستان

چیتا کیسا ہے؟ آج کل جمپ نہیں لگا رہا: خورشید

اسلام آباد (آئی ا ین پی) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ سے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنماؤں کی ملاقات کے دوران چیتے کا خصوصی تذکرہ ہوا اور یہ تبصرہ کیا گیا کہ چیتا آج کل خوفزدہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات خورشید شاہ سے ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی شیخ صلاح الدین‘ محمد علی‘ محبوب عالم سمیت دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی جس میں خصوصی طور پر خورشید شاہ نے کہا کہ چیتا کیسا ہے جس پر شیخ صلاح الدین نے کہا کہ چیتا ٹھیک ہے لیکن آج کل جمپ نہیں لگا رہا۔ اس پر ایم کیو ایم کے دوسرے رکن محبوب عالم نے کہا کہ چیتا آج کل خوفزدہ ہے جس پر شرکاء نے خوب قہقہے لگائے۔ جب یہ رہنما خورشید شاہ سے ملاقات کرکے باہر نکلے تو اخبار نویسوں نے ان سے استفسار کیا کہ خورشید شاہ سے ملاقات میں کس چیتے کا ذکر ہورہا تھا اور آج کل یہ چیتا کیوں خوفزدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم میں سے کوئی چیتا نہیں تھا آپ ہم میں سے چیتا تلاش کررہے ہیں ہنسی مذاق کی بات کو سنجیدہ نہ لیا جائے۔ واضح رہے کہ 22اگست کی کراچی میں الطاف حسین کی طرف سے پاکستان مخالف تقریر کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی طرف سے اظہار لاتعلقی کے بعد کوڈ ورڈ میں الطاف حسین کو چیتا کے طور پر پکارا جارہا ہے اور میڈیا میں اس حوالے سے مختلف تبصرے کئے جارہے ہیں۔ (ن غ)