خبرنامہ پاکستان

چیرمین نیب: تحریک انصاف نے 3 نام دیدیئے

چیرمین نیب: تحریک انصاف نے 3 نام دیدیئے

اسلام آباد: وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان چیرمین نیب کی تقرری کے لیے مشاورت کا سلسلہ جاری ہے جب کہ تحریک انصاف نے بھی نام تجویز کردیئے ہیں۔

نیب کے موجودہ چیرمین قمر زمان چوہدری 10 اکتوبر کو اپنی مدت ملازمت مکمل کرکے ریٹائر ہورہے ہیں جس کی وجہ سے نئے چیرمین کے لیے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مشاورت جاری ہے۔

چیرمین نیب کے تقرر کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر کی ایک اور ملاقات ہوئی ہے جو ایک گھنٹہ 10 منٹ تک جاری رہی۔

خورشید شاہ نے بتایا کہ وزیراعظم سے ملاقات میں تحریک انصاف اور ایم کیوایم کے تجویز کردہ نام سامنے رکھے، کوشش ہےکہ چیرمین نیب کے نام پر اتفاق ہو اور امید ہےکہ ایک دو ملاقاتوں میں کسی نام پر اتفاق ہوجائے گا۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے چیرمین نیب کے لیے شعیب سڈل، ارباب شہزاد اور جسٹس ریٹائرڈ فلک شیر کے نام دیئے گئے ہیں۔

شعیب سڈل آئی جی سندھ اور ڈی جی آئی بی رہ چکے ہیں، ارباب شہزاد خیبر پختونخوا کے سابق چیف سیکریٹری ہیں جب کہ جسٹس ریٹائرڈ فلک شیر سابق جج سپریم کورٹ اور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تھے۔

ذرائع کے مطابق ایم کیوایم پاکستان نے چیرمین نیب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ محمود رضوی کا نام تجویز کیا ہے۔

وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر اس سے قبل حکومت اور پیپلز پارٹی کی طرف سے چیرمین نیب کے لیے تجویز کردہ 6 ناموں پر مشاورت کرچکے ہیں۔

حکومت نے انٹیلی جنس بیورو کے ڈی جی آفتاب سلطان، ریٹائرڈ جسٹس رحمت جعفری اور ریٹائرڈ جسٹس اعجاز چوہدری کے نام تجویز کیے ہیں جب کہ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ریٹائرد جسٹس جاوید اقبال، ریٹائرد جسٹس فقیر محمد کھوکھر اور سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کے نام تجویز کیے ہیں۔