خبرنامہ پاکستان

چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا پاکستان آرمی اسپرٹ مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب

راولپنڈی۔ 4 اپریل (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ قوم کا غیر متزلزل یقین پاک فوج کا حقیقی اثاثہ ہے‘ قربانی کا جذبہ پاک فوج کودنیا کی بہترین افواج میں شامل کرتا ہے‘ پاک فوج ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی ۔وہ پیر کو پبی ٹریننگ سنٹر میں پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ مقابلوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا پبی ٹریننگ سنٹرپہنچنے پر انسپکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ایولویشن لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ نے اسقتبال کیا ۔ ٹیم سپرٹ مقابلے منگلاکے قریب پہاڑی علاقوں میں31مارچ کو شروع ہوکر 4 اپریل تک جاری رہے۔ ان مقابلوں میں پاکستان آرمی کی تمام کورز کے علاوہ سری لنکن آرمی کی ٹیم نے شرکت کی جبکہ 6 ممالک چین‘ سعودی عرب‘ سری لنکا‘ قازقستان اور مالدیپ کے 16افسران نے مبصرین کے طور پر شرکت کی۔ ٹیم سپرٹ مقابلوں کا مقصد23 فیلڈ واقعات میں جوانوں کی 72 گھنٹے جسمانی اور ذہنی برداشت کا مشاہدہ کرنا تھا۔ شرکاء نے کم سے کم وقت میں جسمانی سرگرمیوں کا عملی مظاہرہ بھی کیا۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے آٓرمی چیف نے جوانوں کی جسمانی فٹنس اور ٹیم ورک کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ایک مضبوط اور فوری جواب دینے والی فورس میں بہترین جسمانی اور ذہنی فٹنس ضروری ہوتی ہے‘ ہمیں فخر ہے کہ پاک فوج کے جوان چیلجنز کا مقابلہ کرنے کیلئے ذہنی اور جسمانی طور پر توانا ہیں ۔آرمی چیف نے کہا کہ ہماری مسلح افواج پر پوری پاکستانی قوم کا غیر متزلزل یقین ہمارا حقیقی اثاثہ ہے اور پاک فوج انشاء اللہ ہمیشہ قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے ٹیم سپرٹ مقابلوں میں شریک ہونے اور صلاحیت دکھانے پر تمام غیر ملکی مہمانوں اور سری لنکا کی فوج کا شکریہ ادا کیا۔آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں کو تمغوں اور انعات سے نوازا۔ منگلا کور کی ٹیم گولڈ میڈل چیمپئن شپ کی فاتح رہی جبکہ جنوبی کمان اور سری لنکا کی ٹیم کا چاندی کے تمغہ میں اشتراک رہا