خبرنامہ پاکستان

چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے سانحہ کوئٹہ پر ازخود نوٹس لے لیا

اسلام آباد ۔ 31 اگست (اے پی پی)چیف جسٹس انور ظہیر جمالی نے سانحہ کوئٹہ کے حوالے سے ازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان سے رپورٹ طلب کرلی ہے اورمتعلقہ دفترکوہدایت کی ہے کہ سانحہ کوئٹہ کے حوالے از خود نوٹس کیس ستمبر کے چوتھے ہفتے میں سماعت کے لئے لگایاجائے۔ یادرہے کہ اس سنگین واقعہ کا ازخود نوٹس لینے کے لیئے پاکستان بارکونسل،سابق چیف جسٹس افتخارچودھری اور وکلاتنظیموں نے جسٹس کوخط لکھاتھا،جس پر رجسٹرار سپریم کورٹ نے نوٹ لکھ کر چیف جسٹس کو بھجواےا تھا، رجسٹرار کی جانب سے بھیجے گئے نوٹ میں کہا گیا ہے کہ سانحہ کے بعد ہسپتالوں میں ناکافی سہولیات کے باعث بہت سی قیمتی جانوں کاضیاع ہواجوبچائی جاسکتی تھیں، رجسٹرارکے نوٹ میں اٹھائے گئے سوالات کی روشنی میں چیف جسٹس نے معاملے کاازخود نوٹس لیتے ہوئے آئی جی بلوچستان اور ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان سے دھماکے کے بعد اب تک ہونے والی تحقیقات اور متاثرین کو امدادی رقوم کی فراہمی سمیت جامع رپورٹ طلب کرلی ہے۔ اس کیس کی سماعت ستمبر کے چوتھے ہفتے کے دورا ن چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بنچ کرے گا۔