خبرنامہ پاکستان

چیف جسٹس پاکستان ایک ہفتے کے سرکاری دورے پرآج ترکی روانہ ہوں گے

اسلام آباد:(آئی این پی) چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیرجمالی ایک ہفتے کے سرکاری دورے پرآج ترکی روانہ ہوں گے۔ حکومت پاناما لیکس کے معاملے پر تحقیقاتی کمیشن کے لیے سپریم کورٹ کو خط لکھ چکی ہے جسے چیف جسٹس پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی تک پہنچا دیا گیا ہے تاہم چیف جسٹس پاکستان اپنی سرکاری مصروفیات کے باعث ایک ہفتے کے لیے ترکی جائیں گے جس کے لیے وہ آج روانہ ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ چیف جسٹس کی بیرون ملک روانگی کے باعث تحقیقاتی کمیشن کی تشکیل کا معاملہ تاحال تعطل کا شکار ہوجائے گا اور چیف جسٹس کی وطن واپس آمد کے بعد ہی تحقیقاتی کمیشن سے متعلق کوئی پیش رفت سامنے آسکے گی۔ دوسری جانب قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس کی غیر موجودگی میں قائم مقام چیف جسٹس بھی اس کا خط کا جواب دے سکتے ہیں لیکن ماضی میں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ وزیراعظم نوازشریف نے قوم سے خطاب میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں آزاد کمیشن بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف جسٹس کی سربراہی میں کمیشن کی سفارشات میں قبول کروں گا۔