خبرنامہ پاکستان

چیلنجز کے باوجود حکومتی ٹیم نے ملکی صورتحال کو بہتری کی جانب گامزن کر دیا ہے:وزیراعظم

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ توانائی کا بحران، امن و امان اور معیشت کی خراب صورتحال جیسے اہم چیلنجز ورثہ میں ملنے کے باوجود موجودہ حکومتی ٹیم نے اپنی بھرپور جدوجہد اور محنت سے ملک کو بہتر صورتحال کی جانب گامزن کر دیا ہے۔ وہ پیر کو یہاں سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے چیئرمین ڈاکٹر عبداﷲ محمد الشیخ سے گفتگو کر رہے تھے جنہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر ملکی تاریخ میں بلند ترین سطح پر ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت صنعتی شعبہ کے لئے کوئی لوڈ شیڈنگ نہیں جبکہ گھریلو صارفین کے لئے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بہت کم ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سیاسی اتفاق رائے کے بعد شروع کیا گیا جس کے بہت مثبت نتائج سامنے آئے۔ دہشت گرد اب بھاگ رہے ہیں اور آسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت پھل پھول رہی ہے اور آج کی پارلیمان ماضی کے مقابلے میں زیادہ جمہوری اور فعال ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مقامی حکومتوں کے حالیہ انتخابات میں نہ صرف بڑی فتح حاصل کی بلکہ تقریباً تمام ضمنی انتخابات میں بھی ہمارے امیدوار کامیاب ہوئے جو عوام میں ہماری مقبولیت کی عکاسی کرتا ہے۔ سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت اور پاکستان کے عوام سعودی عرب اور خادم الحرمین الشریفین کو نہایت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات مشترکہ عقیدے، ثقافت، تاریخ اور ورثہ پر مبنی ہیں۔ شیخ ڈاکٹر عبداﷲ محمد الشیخ نے گرمجوشی سے خیرمقدم کرنے پر وزیراعظم محمد نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور خادم الحرمین الشریفین کی طرف سے نیک تمناؤں اور خواہشات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلے نہ صرف پارلیمانی تجربہ اور مہارت سے استفادہ کے لئے ضروری ہیں بلکہ ان سے دونوں برادر ملکوں کے مابین دوستانہ تعلقات کو بھی فروغ حاصل ہوتا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی طرف سے اقتصادی شعبہ میں حاصل کی گئی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے حکومت کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان درپیش چیلنجز سے مستقل بنیادوں پر نکل آئے گا۔ قبل ازیں سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے چیئرمین نے لاہور بم دھماکے میں معصوم شہریوں کی شہادت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس طرح کے دہشت گردانہ حملوں کی شدید مذمت کی۔ سعودی عرب کی مجلس شوریٰ کے وفد میں ممبر شوریٰ کونسل ڈاکٹر سعد محمد الحریقی، ڈاکٹر عبداﷲ حماد الحربی، ڈاکٹر فالے محمد الصغیر کے علاوہ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر عبداﷲ مرزوق الزہرانی شامل تھے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وزیر مملکت برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل جام کمال اور حکومت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔