خبرنامہ پاکستان

چینی سفیر کا پاکستانی قبائلی علاقوں کو 15 اسکول عطیہ کرنے کا اعلان

چینی سفیر کا

چینی سفیر کا پاکستانی قبائلی علاقوں کو 15 اسکول عطیہ کرنے کا اعلان

پشاور:(ملت آن لائن) پاکستان میں تعینات چینی سفیر یاؤ ژینگ نے قبائلی علاقوں کو 15 اسکول عطیہ کرنے اور صوبہ خیبر پختونخوا کے 200 پروفیشنلز کو چین میں تربیت دینے کا اعلان کردیا۔ پشاور میں حکومتی شخصیات، مختلف وفود اور صحافیوں سے بات چیت میں چینی سفیر یاؤ ژینگ کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ دوستی مضبوط رکھنا چاہتا ہے اور قبائلی علاقہ جات میں تعلیمی سرگرمیوں میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ چینی سفیر نے پاک-چین اقتصادی راہداری منصوبے پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ سی پیک کے تناظر میں خیبرپختونخوا کی اہمیت سب سے زیادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے راستے افغانستان اور وسطی ایشیا سے رابطہ ہوگا۔
پاکستان میں دہشت گرد گروپوں کی موجودگی کے حوالے سے یاؤ ژینگ نے از راہ تفنن کہا کہ حقانی نیٹ ورک کی پاکستان میں موجودگی کا کابل میں بڑا چرچا سنا، پاکستان آنے کے بعد سے گلیوں اور راستوں میں ڈھونڈ رہا ہوں لیکن یہ نیٹ ورک نظر نہیں آیا۔ چینی سفیر کا کہنا تھا کہ افغانستان میں دہشت گردی کم کرنا امریکا اور نیٹو کی ذمے داری ہے، چین افغانستان میں صرف سیاسی اعتماد سازی میں مدد کرسکتا ہے۔ انہوں نےکہا کہ چین افغان طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے میں بھی مدد کرسکتا ہے۔ چینی سفیر نےخیبرپختونخوا کے صحافیوں سمیت پروفیشنلز کو چین میں تربیت دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔