خبرنامہ پاکستان

چینی صدر نے چین پاکستان تعلقات کو ایک نیا موڑ دیا ہے:سرتاج عزیز

اسلام آباد(آئی این پی) پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ چین صدر ژی جن پنگ اپنے وژن اور جدید نظریات کے باعث ایک عظیم لیڈر کے طورپر سامنے آئے ہیں، انہوں نے پاک چین اقتصادی راہداری کا تصور دیا جو دونوں ملکوں کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال اپنے تاریخی دورہ پاکستان کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعلقات ہر طرح کی شراکت اور سٹرٹیجک تعاون کی بلندیوں تک پہنچا دیئے گئے جس کے بعد اقتصادی راہداری کے منصوبے شروع کئے گئے جو توانائی ، ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی و تعمیر پر مشتمل ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے حال ہی میں ہونے والے ایک سروے میں کیا ہے ۔ سروے میں کہا گیا کہ چینی صدر نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر اقتصادی راہداری منصوبے کے ذریعے چین پاکستان تعلقات کو ایک نیا موڑ دیا ہے جس سے پاکستان کے حوصلے بلند ہو گئے ہیں ، اس منصوبے کو ایک ایسا منصوبہ قرار دیا جا رہا ہے جو پاکستانی عوام کی زندگیوں میں بہتر ی لا کر ان کی قسمت تبدیل کردے گا ۔ سروے میں مزید کہا گیا ہے کہ چینی صدر کو عالمی امن اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پاکستان اور ترقی پذیر ممالک کی طرف خصوصی لگاؤ کے باعث انہیں پاکستانی میڈیا میں 2015کا مدبر قرار دیا گیا ہے ۔سروے کے مطابق 84.3فیصد لوگوں نے صدر ژی کو رول ماڈل کے طورپر پیش کیا ہے ۔ یہ سروے حال ہی میں چائنا ڈیلی میں شائع ہوا ہے ۔ سروے کے مطابق چین میں پاکستان کے سابق سفیر خالد محمود نے کہا ہے کہ چینی صدر کو اس وقت اپنی زورداراور موثر خارجہ پالیسی کے باعث دنیا میں وہ مقام حاصل ہے جو شاید کسی دوسرے کو حاصل نہیں ہے ، انہوں نے عالمی سطح پر چین کے لئے بھی ایک باوقار مقام حاصل کر لیا ہے ۔ دریں اثنا پاکستان میں چینی سفیر سن وڈانگ نے چینی قیادت پر اعتماد اور چین کے لئے محبت کا اظہار کرنے کے سلسلے میں پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان کی دوستی پر فخر ہے ۔انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ چین اقتصادی راہداری کا منصوبہ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا ۔