خبرنامہ پاکستان

چینی قونصلیٹ پرحملہ دہشت گردوں کا بزدلانہ عمل تھا: شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ چینی قونصلیٹ پر حملہ دہشت گردوں کا بزدلانہ عمل تھا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ قونصلیٹ پر حملے کی کوشش کرنے والے تینوں حملہ آور مارے گئے اور چینی عملہ محفوظ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سندھ پولیس اور رینجرز بروقت موقع پر پہنچی اور حملے کو ناکام بناتے ہوئے علاقے کو کلیئر کردیا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حملے کے وقت اکیس چینی قونصلیٹ میں موجود تھے جو تمام محفوظ ہیں اور حملے کے بعد چینی قونصل جنرل سے بات ہوئی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چینی وزیر خارجہ سے رابطہ کریں گے، چینی سفیر سے رابطہ ہوا جو پاکستان کی کارروائی سے مطمئن ہیں۔