خبرنامہ پاکستان

چینی قونصلیٹ پرحملے سے پاکستان اورچین کے تعلقات متاثرنہیں ہوں گے، تعلقات میں دراڑڈالنےکی کوئی بھی کوشش ناکام ہوگی،ترجمان چینی وزارت خارجہ

بیجنگ:(ملت آن لائن) ترجمان چینی وزارت خارجہ جینگ شوآنگ کا کہنا ہے کہ پاکستان اورچین کی دوستی سدا بہارہے، چینی قونصلیٹ پرحملے سے پاکستان اورچین کے تعلقات متاثرنہیں ہوں گے، تعلقات میں دراڑڈالنےکی کوئی بھی کوشش ناکام ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق بیجنگ میں ترجمان چینی وزارت خارجہ جینگ شوآنگ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پاک چین تعلقات میں دراڑ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش ناکام ہوگی، پاک چین دوستی ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری ہے اور تمام موسموں کےآزمودہ تذویراتی شراکت دار ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ قونصل خانے پر حملے سے دوطرفہ تعلقات متاثرنہیں ہوں گے، بروقت اور مؤثرکارروائی پر پاکستانی فورسز کے شکرگزار ہیں۔

ترجمان نے کہا پاکستان نےسی پیک،چینی باشندوں کاتحفظ یقینی بنانےکااعادہ کیا ہے، ان سے تعلقات ہمیشہ کی طرح مضبوط اور مستحکم رہیں گے ، دونوں ممالک باہمی اعتماد،دوستی اورتعاون کےرشتے میں منسلک ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے حملے میں شہید پاکستانیوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا دہشت گردحملےمیں جاں بحق،زخمیوں کی ہرممکن مالی مددکی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اورچین کی دوستی سدا بہارہے، پاک چین تعلقات خراب کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی، حملے کے بعددونوں ملکوں کی حکومتوں اورعوام کے باہمی اعتماداوردوستی کے مظاہرے نے یہ ثابت کردیا ہے۔

جینگ شوآنگ نے کہا پاکستان نے حملے کی ذمہ داری تنظیم کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے اور چینی اداروں کی سیکیورٹی مزیدسخت کرنےکاکہا ہے۔

خیال رہے چینی قونصل خانے پر حملے کے بعد پاکستان میں چینی باشندوں کا سیکیورٹی پلان تبدیل کرنے اور سیکیورٹی کے لیے پروجیکٹس کی نگرانی بڑھانے کا بھی فیصلہ کیا تھا۔

یاد رہے 23 نومبر کو چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنادی گئی تھی ، جس کے نتیجے میں دوپولیس اہلکار اور دو شہری شہید ہوئے جبکہ تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا تھا، دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اورتمام عملہ محفوظ رہا تھا۔

بعد ازاں بھارت نواز کالعدم تنظیم بی ایل اے نے چینی قونصلیٹ پر حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔

چین کےعوام چینی قونصل خانے پرحملے کے شہداء کے لیے میدان میں آگئی، چین کے مختلف شہروں میں شہداء کی فیملی کے لئے فنڈ ریزنگ کی گئی ، جمع ہونے والا فنڈ شہدا کی فیملی کو بھجوایا جائے گا۔