خبرنامہ پاکستان

چین نے اقوام متحدہ میں مسعود اظہر کا نام دہشت گروں کی فہرست میں شامل کرنے کی بھارتی درخواست مسترد کردی

نیو یارک/نئی دہلی (آئی این پی) اقوام متحدہ میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر کا نام دہشت گروں کی فہرست میں شامل کرنے کی بھارتی درخواست کو چین نے ایک بار پھر مسترد کردیا۔بھارتی اخبار ’’ ٹائمز آف انڈیا‘‘ کی رپورٹ میں اقوام متحدہ کے اہم ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ درخواست کی ڈیڈلائن سے محض چند گھنٹوں قبل چین نے اقوام متحدہ کی کمیٹی میں بھارتی درخواست کو ویٹو کردیا۔واضح رہے کہ رواں سال 2 جنوری کو پٹھان کوٹ حملے کے بعد بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے فروری میں اقوام متحدہ کی کمیٹی کو مسعود اظہر کا نام دہشت گروں کی فہرست میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق بھارت نے درخواست کے ساتھ جیش محمد اور مسعود اظہر کے پٹھان کوٹ ایئربیس حملے میں ملوث ہونے کے مبینہ شواہد بھی پیش کیے تھے۔بھارت نے درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ مسعود اظہر کا نام دہشت گردوں کی فہرست میں نہ ڈالے جانے تک جنوبی ایشیائی ممالک کو اس دہشت گرد گروپ سے خطرہ رہے گا۔یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے جیش محمد کو 2001 میں کالعدم قرار دیا گیا تھا، تاہم ممبئی حملوں کے بعد بھی چین مولانا مسعود اظہر کا نام اقوام متحدہ کی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کی بھارتی قرارداد کو ویٹو کرچکا ہے۔