خبرنامہ پاکستان

چین نے سی پیک مخالف پروپیگنڈہ مسترد کردیا، چینی سفیر

اسلام آباد:(ملت+آئی این پی)چینی سفارت خانے کے عہدیداروں کی جانب سے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ناقدین کو جواب دے دیا گیا اور پاکستان میں تعینات سینئر چینی سفارتی اہلکار نے منصوبے میں کسی بھی قسم کی منفی سرگرمی کی تردید کرتے ہوئے عوام سے ‘غلط معلومات’ کے خلاف حمایت طلب کرلی۔ قائمقام چینی سفیرژاؤ لیجیان نے مختلف حلقوں کی جانب سے اٹھائے جانے والے اعتراضات پر ردعمل کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک منصوبہ درست انداز میں جاری ہے، لیکن کچھ افراد اس منصوبے کو بدنام کرنے میں مصروف ہیں اور ان افراد کو پاکستانی عوام کی بڑی تعداد کی حمایت حاصل ہے۔ واضح رہے کہ منصوبے پر اٹھایا جانے والا سب سے بڑا اعتراض یہ ہے کہ پنجاب چھوٹے صوبوں کی قیمت پر سب سے زیادہ سی پیک سے مستفید ہورہا ہے۔ قائمقام سفیر کا کہنا تھا کہ کچھ افراد اسے ’چائنا پنجاب اکنامک کوریڈور‘ قرار دے رہے ہیں لیکن حقیقت یہ ہے کہ منصوبے میں سب سے بڑا حصہ بلوچستان کا ہے تو پھر اسے ’چائنا بلوچستان اکنامک کوریڈور‘ کیوں نہیں کہا جاتا۔ انہوں نے منصوبے میں بدعنوانی کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ‘یہ سب ٹیکس ادا کرنے والے لوگوں کا پیسہ ہے، یہ سرمایہ کاری کے منصوبے ہیں، ہم اس میں بدعنوانی یا رشوت کیسے برداشت کرسکتے ہیں۔قائمقام چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے کی تعمیر کے لیے شفاف انداز میں ٹھیکہ دیا گیا، منصوبے سے متعلق معلومات خفیہ رکھنے کے الزامات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تمام معلومات سب کے لیے موجود ہے۔ تنقید کرنے والے ان افراد کے پاس یہ تمام اعداد وشمار کہاں سے آئے؟ کچھ افراد جھوٹے الزامات لگانے میں مصروف ہیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے مخالفین کی جانب سے پھیلائی جانے والی غلط معلومات سے نمٹنے کے لیے عوامی حمایت کی ضرورت ہے۔ بریفنگکے دوران ان کا کہنا تھا کہ کوئلے کے توانائی منصوبوں پر ماہرین ماحولیات کے تحفظات دور کرنے کی کوشش کریں گے، منصوبے میں تمام بین الاقوامی معیارات کو مدنظر رکھا جارہا اور ماحولیاتی مسائل کا بھی خیال رکھا جائے گا۔